گوگل کروم پر اشتہار بلاک کرنا اب ممکن کیوں نہیں رہے گا؟

گوگل نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ جلد مینیفیسٹ وی تھری لائے گا اور ہوسکتا ہے کہ یہ خبر ان لوگوں کے لیے اچھی نہ ہو جو ایڈ بلاکرز استعمال کرتے ہیں۔

(پکسابے)

گوگل کروم اب تک کا سب سے مقبول انٹرنیٹ براؤزر ہے۔

اس کی اچھی خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ بہت ساری ایکسٹینشن پیش کرتا ہے۔ دیگر چیزوں کے علاوہ پروڈکٹیویٹی ، نوٹس اور کیلنڈر کے لیے بھی ایکسٹینشنز ہیں۔

پس پردہ، یہ ایکسٹینشنز گوگل کروم کے ایکسٹینشن پلیٹ فارم پر کام کرتی ہیں جسے مینی فیسٹ کہتے ہیں۔

گوگل نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی مینیفیسٹ وی تھری لائے گا اور ہوسکتا ہے کہ یہ خبر ان لوگوں کے لیے اچھی نہ ہو جو ایڈ بلاکرز استعمال کرتے ہیں۔

مینی فیسٹ تھری کیا ہے؟

ایک بلاگ پوسٹ میں، گوگل نے کہا کہ کروم مینی فیسٹ V2 کو بند کرنے کے لیے ایک بتدریج اور تجرباتی انداز اپنائے گا تاکہ فیز آؤٹ کے عمل کے دوران صارف کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کمپنی نے کہا،’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہیں گے کہ نئے مینی فیسٹ ورژن میں منتقلی اور اپنے صارفین کے لیے تبدیلیاں لانے کے لیے ڈویلپرز کے پاس ضروری معلومات اور کافی وقت ہو۔‘

 مینی فیسٹ وی 3 کے لیے ٹائم لائن کیا ہے؟

گوگل نے واضح کیا ہے کہ کروم 112 میں جنوری میں شروع ہونے والے، کروم کینری، ڈیو اور بیٹا چینلز میں مینیفیسٹ وی ٹو ایکسٹینشنز کی سپورٹ کو بند کرنے کے لیے تجربات کر سکتا ہے۔

مزید برآں، کروم 115 میں جون سے شروع ہونے والے، کروم سٹیبل چینل سمیت تمام چینلز میں مینیفیسٹ وی ٹو ایکسٹینشنز کی سپورٹ کو بند کرنے کے لیے تجربات کر سکتا ہے۔

جون 2023 میں، کروم ویب سٹور مینی فیسٹ وی ٹو آئٹمز کو پبلش کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ جس کا مطلب ہے کہ پرانی ایکسٹینشنز کام کرنا بند کردیں گی۔

 جنوری 2024 سے، اگر ایکسٹینشنز کے ڈویلپرز مینی فیسٹ وی تھری پر منتقل نہیں ہوئے تو، پرانی ایکسٹینشنز کو کروم ویب اسٹور سے ہٹا دیا جائے گا۔

یہ ایڈ بلاکرز کے لے مسئلہ کیوں ہے؟

 ٹیکنالوجی کے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ  اے آر ایس ٹیکنیکا کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ ورژن آنے کے بعد ایڈ بلاکرز بیکار ہوجائیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سارے ایڈ بلاکرز ویب ریکویسٹ نامی اے پی آئی پر انحصار کرتے ہیں، جو کروم میں موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق مینی فیسٹ وی تھری میں، ڈویلپرز کے پاس ڈیکلئریٹیو نیٹ ریکویسٹ نامی اے پی آئی استعمال کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ جو انہیں مخصوص یو آر ایل کی بلاک لسٹ استعمال کرنے پر مجبور کرے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنیادی طور پر، گوگل بلاک یو آر ایل کی ایک فہرست بنائے گا اور یہ فہرست صرف30 ہزار لنکس تک تک محدود ہے۔

 مؤثر طریقے سے کام کرنے کے لیے ایڈ بلاکرز کی فہرست میں 30 ہزار سے زیادہ لنک ہوتے ہیں۔ بہت سے پرائیویسی گروپس گوگل کے مینیفیسٹ وی تھری والے اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں۔

پرائیویسی ایڈووکیسی گروپ الیکٹرانک فرنٹیئر فاؤنڈیشن نے دسمبر 2021 کی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ’مینی فیسٹ وی تھری مفادات کے موروثی ٹکراؤ کی ایک اور مثال ہے جو گوگل کی جانب سے ڈومیننٹ ویب براؤزر اور سب سے بڑے انٹرنیٹ ایڈورٹائزنگ نیٹ ورکس دونوں کو کنٹرول کرنے سے آتی ہے۔‘

 اس پرائیویسی گروپ کا خیال ہے کہ مینیفیسٹ وی تھری پر جانے سے ویب ایکسٹینشنز کی صلاحیتوں کو محدود کردیا جائے گا۔ ’بالخصوص وہ جو آپ کے براوز کے آپ کی ویب سائٹ کے ساتھ ہونے والے ربطے کی نگرانی، اس میں ترمیم اور اس کے حساب کتاب کے لیے بنائی گئی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی