جعل سازوں نے 10 کروڑ ڈالر کرپٹو کرنسی چوری کر لی

دنیا کی سب سے بڑی ایکسچینج ’بائنانس‘ پر ہونے والی یہ کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوریوں میں سے ایک ہے۔

(اے ایف پی)

کرپٹو اثاثوں کے لیے دنیا کی سب سے بڑی فرمز میں سے ایک ’بائنانس‘ نے انکشاف کیا ہے کہ جعل سازوں نے ان کی فرم سے 10 کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کر لی ہے۔

فرم کے سربراہ چانگپینگ ژاؤ نے جمعے کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ سسٹم میں ’ایکسپلائٹ‘ کی وجہ سے ایکسچینج کی مخصوص کرنسی کی اضافی پروڈکشن ہوئی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس نقصان کا تخمینہ تقریباً 10 کروڑ ڈالر ہے۔

ان کے بقول: ’مسئلہ اب موجود ہے لیکن آپ کے فنڈز محفوظ ہیں۔ ہم اس زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں اور صورت حال کے مطابق مزید اپ ڈیٹ فراہم کریں گے۔‘

یہ کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوریوں میں سے ایک ہے۔

اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں ایگزی انفنیٹی بلاک چین گیم سے 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی چوری کیے گئے تھے۔

جعل ساز تیزی سے ’کراس چین برجز‘ میں کمزوریوں کا استعمال کر رہے ہیں۔

یہ وہ ذرائع ہیں جن کو سرمایہ کار اثاثوں کو ایک بلاک چین سے دوسرے بلاک میں منتقل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

بلاک چینز ڈیجیٹل لیجرز ہیں جو لین دین کی تفصیلات کو محفوظ بناتے ہیں جن میں سب سے بڑا بلاک چین بٹ کوائن ہے لیکن ہزاروں دیگر بلاک چین بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چانگپینگ ژاؤ نے لکھا کہ اس چوری میں ’ایک کراس چین پل بی ایس سی ٹوکن ہب پر ایک ایکسپلائٹ‘ شامل ہے جس کے بارے میں صارفین کو یقین دلایا گیا کہ اسے ٹھیک کر دیا گیا ہے۔

ایکسچینج نے ریڈٹ پر کہا کہ چوری کی گئی رقم 10 کروڑ اور  11 کروڑ ڈالر کے درمیان تھی۔ فرم نے مزید کہا کہ 70 لاکھ ڈالر پہلے ہی برآمد ہو چکے ہیں۔

ایگزی انفنیٹی ہیک اور گذشتہ ماہ کرپٹو فرم نومیڈ پر تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی ایک اور چوری میں بھی برجز کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھایا گیا تھا۔

ایک کرپٹو تجزیہ فرم چینالائسس نے اگست میں کہا تھا کہ اس سال پہلے ہی برجز کی کمزوریوں کے باعث تقریباً دو ارب ڈالر کی چوری ہو چکی ہے۔

ایک اور تجزیاتی فرم ایلپٹک نے رواں ہفتے کرپٹو جرائم کی رپورٹ میں کہا ہے کہ برج متعدد بلاک چینز پر بڑی مقدار میں مقفل اثاثے جمع کرتے ہیں جن میں سے بہت سے ان کی نسبتا غیر واضح ہونے کی وجہ سے اچھی سکیورٹی یا آڈیٹنگ کلچر نہیں رکھتے۔

فرم نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی سائبر جرائم پیشہ افراد کے لیے برجز ایک پرکشش ہدف رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی