بابر اعظم سیمی فائنل میں ’دھواں دھار‘ ثابت ہوسکتے ہیں: میتھیو ہیڈن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ جدوجہد میں مصروف کپتان بابر اعظم، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ’بہت خاص‘ ثابت ہونے والے ہیں۔

30  اکتوبر 2022 کی اس تصویر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے بعد پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں موجود ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان کا بہترین کھیل ابھی باقی ہے اور جدوجہد میں مصروف کپتان بابر اعظم، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ’بہت خاص‘ ثابت ہونے والے ہیں۔

2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نیدرلینڈز کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کی غیر متوقع شکست اور پھر بنگلہ دیش کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن جو گذشتہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے بیٹنگ کوچ رہ چکے ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں انہیں مینٹور مقرر کیا گیا، نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے دوسرے موقعے سے پورا پورا فائدہ اٹھانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ 

سڈنی میں سیمی فائنل سے ایک دن پہلے ان کا کہنا تھا: ’جب نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو ہرایا تو ہمارے لیے یہ اہم لمحہ تھا، ٹیم کے لیے عمومی طور پر بہت اہم لمحہ کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’پاکستان کے لیے ڈھیروں دعائیں کہ وہ جب جاگا تو اس نے یہ نتیجہ دیکھا۔ 23 کروڑ 20 لاکھ لوگ غلط نہیں ہو سکتے اور میں محسوس کر رہا ہوں کہ اس کے نتیجے میں ہماری ٹیم کا حوصلہ بہت بلند ہوا ہے۔‘

بقول میتھیو ہیڈن: یہ ایک رولر کوسٹر کی طرح رہا ہے، لیکن میرا واقعی ماننا ہے کہ ہم نے ابھی اپنا بہترین کھیل دکھانا ہے، جو مخالف ٹیموں کے لیے بڑا خطرہ ہے۔‘

ان حالات میں کہ جب شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستان کی بولنگ میں بہتری آ رہی ہے، ٹیم کی بیٹنگ کمزور ہے جو ٹم سوتھی، ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن جیسے ٹاپ کلاس نیوزی لینڈ بلے بازوں کے سامنے تشویش کی بات ہے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم کی فارم خاص طور پر تشویش ناک ہے۔ اوپنر بلے باز پانچ میچوں میں صرف 39 رنز بنا سکے ہیں۔

103 ٹیسٹ اور 161 ایک روزہ میچ کھیلنے والے میتھیو ہیڈن، جو خود بھی تباہ کن اوپنر رہ چکے ہیں، کا کہنا تھا کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم ’دھواں دھار‘ ثابت ہونے والے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پیشگوئی کی کہ پاکستانی ٹیم بدھ کو کچھ کر کے دکھا سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میتھیو ہیڈن کے بقول: ’اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بابر کچھ مشکل کا سامنے کرتے رہے لیکن اس سے وہ مزید بڑے کھلاڑی بنیں گے۔‘

انہوں نے کہا: ’ہم موسم کے بارے میں جانتے کہ جب وہ کچھ  پرسکون ہوتا ہے تو اس کے بعد اکثر طوفان آتا ہے، لہٰذا باقی دنیا کو دیکھیں کیوں کہ میرا خیال ہے کہ ہم بابر کی جانب سے کچھ بہت خاص دیکھنے والے ہیں۔‘

نیوزی لینڈ طویل عرصے سے وائٹ بال کرکٹ میں ایک طاقت کا درجہ رکھتا ہے لیکن وہ اسے عالمی ٹائٹلز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا، جس میں 2021 میں آسٹریلیا کے خلاف فائنل مقابلہ بھی شامل ہے، جس میں کیویز کو شکست ہوئی۔

نیوزی لینڈ نے اس سال ورلڈ کپ کا آغاز دفاعی چیمپیئن کے خلاف سڈنی میں 89 رنز کی زبردست جیت کے ساتھ کیا۔

میتھو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان بلیک کیپس سے ہوشیار ہے۔ ان کا کہنا تھا:’انہوں نے اس مخصوص وکٹ پر آسٹریلیا کے خلاف 200 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے پاس واقعی کچھ تباہ کن کھلاڑی ہیں اور وہ آپ کو بلے کے ساتھ دباؤ میں لا سکتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ان کے پاس شاندار اور متوازن بولنگ اٹیک ہے۔۔۔ان کا ماننا ہے کہ وہ یہ ٹورمنٹ جیت سکتے ہیں اور ان میں یہ صلاحیت موجود ہے، لہٰذا کوئی سوال نہیں اٹھتا کہ ہمارے کیمپ کے لیے بہت سے خطرات موجود ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ