سعودی ولی عہد ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے لیے قطر میں

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے سعودی ولی عہد کو تاریخی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 18 نومبر 2022 کو تھائی لینڈ کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی (اے ایف پی)

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان فیفا ورلڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے قطر پہنچ گئے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے سعودی ولی عہد کو تاریخی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔

قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے ممالک میں سعودی عرب بھی شامل ہے جسے گروپ سی میں ارجنٹائن، میکسیکو اور پولینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

یہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا رواں ماہ چوتھا غیر ملکی دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ 15 نومبر کو انڈونیشیا میں دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے جی 20 اجلاس میں شرکت کے لیے بالی پہنچے تھے۔

اس کے بعد ولی عہد جنوبی کوریا کے حکام اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتوں کے سلسلے میں سیئول پہنچے تھے۔

اس کے بعد انہوں نے تھائی لینڈ کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور کئی ایشیائی سربراہان سے ملاقاتیں بھی کیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایس پی اے نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کے وفد میں کابینہ کے اہم عہدیدار اور کئی سینیئر عہدیدار شامل ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 کی افتتاحی تقریب اور ٹورنامنٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے البیت سٹیڈیم میں ہوں گے۔ پہلا میچ میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 32 ٹیمیں قطر میں موجود ہیں۔ تمام ٹیموں کو چار، چار کے آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے پانچ شہروں کے آٹھ سٹیڈیمز میں ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال