انڈیا: دولہے کا سرعام بوسہ لینے پر دلہن کا شادی سے انکار

رسومات کے مطابق جوڑا پھولوں کے ہاروں کا تبادلہ کرنے کے بعد سٹیج پر موجود تھا، جب دولہے نے اچانک 300 مہمانوں کے سامنے دلہن کا بوسہ لیا۔

جوڑا 28 نومبر کو اترپردیش کے گاؤں پواسا میں حکومت کے زیر اہتمام اجتماعی شادی کی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

انڈیا میں 23 سالہ دلہن نے اپنے نئے نویلے شوہر کو اس وقت چھوڑ دیا جب انہوں نے دوستوں کے ساتھ لگائی گئی شرط جیتنے کے لیے مہمانوں کے سامنے لڑکی کا بوسہ لیا۔

مذکورہ جوڑا 28 نومبر کو اترپردیش کے گاؤں پواسا میں حکومت کے زیر اہتمام اجتماعی شادی کی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا تھا۔

رسومات کے مطابق جوڑا پھولوں کے ہاروں کا تبادلہ کرنے کے بعد سٹیج پر موجود تھا، جب دولہے نے اچانک 300 مہمانوں کے سامنے دلہن کا بوسہ لیا۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق اس واقعے کے بعد دلہن سٹیج سے اٹھ کر اپنے کمرے میں چلی گئیں۔

دلہن کے اہل خانہ نے انہیں تسلی دینے کی کوشش کی، لیکن 23 سالہ دلہن دوبارہ سٹیج پر جانے کے بجائے دولہا کے خلاف شکایت درج کرانے پولیس سٹیشن چلی گئیں۔

اس نے الزام لگایا کہ دولہے نے اپنے دوستوں کے ساتھ شرط جیتنے کے لیے انہیں چوما اور اب وہ ’ان کے کردار پر شک‘ کر رہی ہے۔

دلہن نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ’جب ہم سٹیج پر تھے تو وہ مجھے نامناسب طریقے سے چھو رہا تھا، لیکن میں نے اسے نظر انداز کر دیا۔‘

’پھر اس نے کچھ غیر متوقع کیا۔ مجھے صدمہ ہوا اور مجھے اپنی توہین محسوس ہوئی۔

’انہوں نے میری عزت نفس کی پرواہ نہیں کی اور کئی مہمانوں کے سامنے برا برتاؤ کیا۔ وہ مستقبل میں کیا کرے گا۔‘

انڈیا ٹو ڈے کی خبر کے مطابق دولہے نے پندرہ سو روپے کی شرط جیتنے کی خاطر بوسہ لینے کے الزام کی تردید کی۔

خاتون کی والدہ کے مطابق دولہا کو اس کے دوستوں نے اکسایا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ان کی بیٹی کو سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن اس (دلہن) نے اس (لڑکے) سے شادی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

’ہم نے کچھ دن انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے فیصلہ کرنے کے لیے کچھ وقت دے رہے ہیں۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ تکنیکی طور پر جوڑے کی شادی ہو گئی ہے کیونکہ واقعہ کے وقت تک رسمیں پوری ہو چکی تھیں۔

انڈیا میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جس میں دلہن نے اپنے دولہے کو عین شادی کے وقت چھوڑ دیا ہو۔

کئی انڈین خواتین دولہا کے خاندان کی جانب سے جہیز کے مطالبات کے باعث شادی سے انکار کی مثالیں قائم کر چکی ہیں۔

اسی صوبے کے علاقہ شاہجہاں پور میں دولہا کے ’سانپ کا ڈانس‘ کرنے کے باعث شادی منسوخ کر دی گئی تھی۔

(ترجمہ: محمد العاص)

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا