شادی سے پہلے چہرہ ڈھلکائے بغیر وزن کیسے کم کریں؟

اگر آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو یہ سوچتے ہیں کہ وہ 10 سے 15 کلو وزن بہت کم مدت میں گھٹا لیں گے تو شاید ایسا ہو جائے لیکن آپ کا چہرہ کبھی بھی فریش نہیں لگے گا۔ انڈپینڈنٹ اردو نے اس سلسلے میں برائیڈل ڈریس ڈائٹ کی ایک ماہر سے بات کی ہے۔

پاکستان میں شادیوں کا سیزن عموماً ستمبر سے شروع ہو جاتا ہے اور اس سے پہلے زوجین کو درپیش اہم مسئلوں میں سے ایک وزن مناسب رکھنا بھی ہوتا ہے۔

کچھ روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بنے گروپس میں بہت سی ایسی پوسٹس نظر سے گزریں جہاں ان خواتین نے وزن کم کرنے کے طریقے پوچھے تھے جن کی شادیاں ہونے والی ہیں۔

کچھ خواتین کی شادی میں تھوڑا وقت باقی تھا مگر زیادہ تر خواتین کا کہنا تھا کہ ان کی شادی اگلے دو یا ایک ماہ  میں ہے اور انہیں فوری وزن کم کرنا ہے۔

کچھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ شادی پر اچھا لگنا چاہتی ہیں اور دوسروں کا موقف یہ تھا کہ ان کے گھر، سسرال والوں یا منگیتر کی جانب سے ان پر شادی سے پہلے وزن کم کرنے کا دباؤ ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے ان میں سے ایک صارف سے رابطہ کیا جنہوں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان کی شادی دسمبر کے آخر میں ہے اور ایک ماہ میں انہوں نے انٹرمٹنٹ ڈائٹنگ سے سات کلو وزن کم کیا ہے۔

جب ہم نے پوچھا کہ کیا ان کا وزن بہت زیادہ تھا تو انہوں نے بتایا کہ ان کا وزن زیادہ تو نہیں تھا مگر وہ شادی پر بہت زیادہ دبلی لگنا چاہتی ہیں۔

دوسری وجہ یہ بھی تھی کہ سسرال والوں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ شادی سے پہلے وزن کم کریں تاکہ شادی کے بعد دعوتیں کھانے سے اگر وزن بڑھے بھی تو وہ ایک دم سے موٹی نہ لگنا شروع ہو جائیں۔

کلینکل سائیکالوجسٹ حسان ساجد نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ انسانی فطرت ہے، وہ اچھا لگنا چاہتا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ بہت سے انسان کسی حال میں خوش نہیں رہتے۔ انہیں ہر چیز بہتر سے بہتر چاہیے ہوتی ہے۔ اب شادی ایک ایسا رشتہ ہے جس میں آپ سب کچھ اچھا اچھا دکھانا چاہتے ہیں اس لیے ایک تو آپ کا خود کا اپنے اوپر دباؤ ہوتا ہے، آپ خود اپنے بارے میں محتاط ہوتے ہیں کہ کہیں میں اپنے ہونے والے شوہر یا بیوی کو پسند نہ آؤں تو پھر کیا ہوگا؟‘

’جسمانی وزن اس میں سرفہرست ہوتا ہے۔ دوسرا دباؤ جو شاید اس سے بھی زیادہ ہے وہ ہے سسرال والوں کا یا رشتے داروں کا،  جو لڑکیوں یا لڑکوں کو بار بار یہ کہتے ہیں کہ ان کی شادی ہونے والی ہے اور انہیں اپنا وزن متوازن رکھنا چاہیے۔ یہی دباؤ انہیں بعض اوقات بھوکے رہنے پر بھی مجبور کر دیتا ہے اور نفسیاتی طور پر وہ اپنا اعتماد کھو بیٹھتے ہیں۔ لوگوں کی مرضی کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے وہ کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں۔‘

حسان کا کہنا تھا کہ والدین کو چاہیے کہ لڑکا ہو یا لڑکی انہیں وزن کے بارے میں محتاط کرنے کی بجائے ان کو ان کی تربیت اور سیرت کے بارے میں زور دیں تو وہ ان کے نئے رشتے کو مضبوط کرنے میں زیادہ بہتر اور صحت مند ثابت ہو گا۔

زینب گوندل ایک ڈائٹیشن (ماہرِ متوازن خوراک) ہیں۔ زینب نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج کل وہ بے انتہا مصروف ہیں کیونکہ ستمبر سے دسمبر کے مہینے شادیوں کے سمجھے جاتے ہیں۔

زینب  کا کہنا تھا کہ ’شادیوں پر  پتلے ہو جانا اور اپنے پسندیدہ لباس میں پورا آ جانا ہمارا ایک خواب ہوتا ہے۔ لڑکیاں باربی گڑیا لگنا چاہتی ہیں اور لڑکوں نے بھی اپنے آئیڈیل بنائے ہوتے ہیں، وہ بھی پرنس چارمنگ لگنا چاہتے ہیں۔‘

زینب کے مطابق اگر آپ نے اپنا وزن کم کرنا ہے تو کم از کم بھی شادی سے چار یا چھ مہینے پہلے خوراک متوازن بنائیں اور ورزش شروع کریں۔

برائیڈل ڈریس ڈائٹ کیا ہے؟

وزن کم کرنے کے خواہش مندوں میں ایک اصطلاح آج کل استعمال ہوتی ہے جسے برائیڈل ڈریس ڈائٹ کہا جاتا ہے۔ ہم نے زینب سے پوچھا کہ یہ کونسی ڈائیٹ ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ’برائڈل ڈریس ڈائٹ یہ ہوتی ہے کہ ہم نے اپنے لیے ایک لباس ذہن میں سوچا ہوتا ہے اور ہم سوچتے ہیں کہ اس میں فٹ آنا ہے۔ مثلاً کسی کا 80 کلو وزن ہے لیکن اس نے جو لباس سوچا، وہ ہے 55 کلو وزن کے لیے۔ جب آپ نے 80 کلو سے 55 کلو پر آنا ہے تو یہ ایک بہت بڑا فرق ہے اور اگر آپ آ گئے تو آپ کا چہرہ بھی ڈھلکے گا اور خراب بھی ہو گا لیکن اگر آپ ایک ٹائم زون لے کر ایک سال یا چھ مہینے میں یہ وزن کم کریں گے تو یقین کریں آپ اپنے 55 کلو والے لباس میں بھی بہت خوبصورت لگیں گے۔‘

زینب کہتی ہیں کہ لڑکیاں ہوں یا لڑکے، آپ نے اگر خود کو اچھا دکھانا ہے، خوبصورت لگنا ہے تو یہ آپ کے لیے اہم ہے کہ آپ کہ صحت مند پلان  لے کر چلیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایسی خوراک جس میں روٹی ہو، چاول ہوں، سلاد ہو،  پروٹین ہو، گوشت ہو، دالیں ہوں، ہر فوڈ گروپ کو لے کر چلیں۔ آہستہ آہستہ آپ 10 سے 15 کلو بھی چھ مہینے میں کم کر سکتے ہیں۔ زینب کہتی ہیں کہ لیکن اگر آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو یہ سوچتے ہی کہ وہ 10 سے 15 کلو ایک مہینے میں کم کر لیں گے تو وہ کم شاید ہو جائے لیکن آپ کا چہرہ کبھی بھی اچھا یا فریش نہیں لگے گا۔ 

زینب نے مشورہ دیا کہ جس دن آپ وزن کم کرنے کا ارادہ کریں اسی دن سے  پانی زیادہ پینا شروع کر دیں۔ کم از کم بھی 10 سے 15 گلاس چاہے گرمیاں ہیں یا سردیاں پانی زیادہ پئیں۔ تازہ جوس کا استعمال بھی کرسکتے ہیں لیکن اگر آپ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو آپ دن میں صرف ایک گلاس فریش جوس کا استعمال کریں گے۔ اس کے ساتھ اپنے روٹی چاول بھی ایک توازن میں لے کر چلیں اور لازمی کھائیں۔ اس کے علاوہ آپ چنا چاٹ کھا سکتے ہیں  اورلوبیا چاٹ بھی۔

’اگر ہم ایک مہینے کی بات کریں تو نارمل انسان کا تین سے چار کلو وزن اس دوران کم ہو سکتا ہے۔ اسی طرح چھ ماہ میں اگر ہم ایک پلان لے کر چلیں توہم تقریباً24 کلو تک بھی وزن کم کرتے ہیں۔‘

ڈریس ڈیزائنر رابعہ حماد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان سے شادی کا جوڑا ڈیزائن کروانے والی خواتین اکثر شادی سے کم از کم چار ماہ پہلے جوڑے کا آرڈر دیتی ہیں کیونکہ جوڑا تیار ہونے میں اتنا وقت تو لگ جاتا ہے۔

’اس لیے جب دلہنیں ہمارے پاس آتی ہیں تو وہ کہتی ہیں کہ جوڑا سلائی کرتے وقت ہم اندر کی طرف کچھ مارجن چھوڑ دیں۔ ان کا خیال ہوتا ہے کہ شادی کے کچھ عرصہ بعد اگر وہ دوبارہ اپنا عروسی جوڑا پہننے کی خواہش مند ہوں تو وہ تب بھی سے اپنے وزن کے مطابق کھلوا سکیں گی۔ اگر شادی سے پہلے وزن مزید کم کرنے میں وہ کامیاب ہو جائیں تو بھی فٹنگ باآسانی بہتر کر لی جاتی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین