فٹ بال ورلڈ کپ فائنل: آبائی شہر کے باسیوں کو میسی سے امیدیں

ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس سے تقریباً 300 کلومیٹر شمال میں دریائے پارانا کے مغربی کنارے پر واقع شہر روزاریو میں ہر جگہ دیواروں پر میسی کی تصاویر چھائی ہوئی ہیں۔

ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل کے حوالے سے جوش و خروش بڑھ رہا ہے اور میسی کے آبائی شہر کے لوگ پرامید ہیں کہ وہ 36 سال قبل ڈیاگو میراڈونا کی تاریخ کو دہراتے ہوئے 1986 کے بعد پہلی بار ملک کو فٹ بال ورلڈ کپ جتوائیں گے۔

دارالحکومت بیونس آئرس سے تقریباً 300 کلومیٹر شمال میں دریائے پارانا کے مغربی کنارے پر واقع اس شہر میں ہر جگہ دیواروں پر میسی کی تصاویر چھائی ہوئی ہیں۔

قریبی قصبے سیروڈینو میں ہاتھ سے بنی ہوئی ایک بہت بڑی 12 میٹر چوڑی 18 میٹر لمبی میسی کی نمبر 10 جرسی لہرا رہی ہے۔

فضا میں لہراتے پرچم ارجنٹائن کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، جس کا مقابلہ اتوار (18 دسمبر) کو قطر ورلڈ کپ فائنل میں فرانس سے ہوگا۔

خبررساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سیروڈینو کے ضلعی عہدیدار یوان پائیو ڈرویٹا نے کہا کہ ’مجھے اس سے خوشی ہوتی ہے کہ ’لا اسکالونیٹا‘( ارجنٹائن کی ٹیم) فتح کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اتوار کو ہونے والا میچ میسی کے لیے دوسرا ورلڈ کپ فائنل ہوگا۔ وہ برازیل میں 2014 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں 1-0 سے شکست اور روس 2018 میں فرانس کے ہاتھوں 4-3 کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست کا حساب برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

میسی کے پرانے کلب نیویل کے اولڈ بوائز میں نوجوانوں کی ٹیم میں کھیلنے والے آٹھ سالہ پیڈرو ابانیز کے والد جویوان آن ایبانیز مورونی نے کہا: ’جس طرح یہ ایک دوسرے کے ساتھ پیش آتے ہیں، اور جس طرح یہ جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسی وجہ سے یہ جیت جائیں گے۔‘

روزاریو میں میسی کا جنون عروج پر ہے۔ میسی کی سابقہ رہائش گاہ سے کچھ ہی فاصلے پر پینٹ کی گئی ایک بہت بڑی دیوار پر لکھا ہے کہ ’دوسری کہکشاں سے اور میرے پڑوس سے۔‘

اس شہر کی رہائشی اور میسی کی سابقہ پڑوسی الیجندرا فیریا نے اپنی والدہ اور بیٹی کی نوعمر میسی کے ساتھ تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ ’وہ ایک بہت ہنس مکھ بچہ تھا، اس کی زندگی سب لڑکوں کے ساتھ فٹ بال کھیلنے سے بھی بڑھ کر تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’سچ یہ ہے کہ وہ زندگی میں سب سے بہتر کے مستحق ہیں، کیونکہ وہ ایک خوبصورت انسان ہیں۔ وہ پیدائشی رہنما ہیں اور ہم سب کو خوش کریں گے۔ ہم پہلے ہی چیمپیئن بن چکے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال