انڈیا میں سونا دینے والی پہلی اے ٹی ایم

انڈیا کے جنوبی شہر حیدآباد دکن کے بیگم پیٹ علاقے میں پہلی مرتبہ گولڈ اے ٹی ایم مشین لگائی گئی ہے، جو صرف ایک بٹن دبانے سے نصف گرام سے 100 گرام تک سونے کے سکے آپ کے ہاتھوں میں دے گی۔

انڈیا میں سونے سے محبت کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ دنیا میں چین کے بعد دوسرا بڑا ملک انڈیا ہی ہے، جہاں سونے کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔ 

اگرچہ یہاں لوگوں کے پاس زیورات اور دیگر شکلوں میں سب سے زیادہ سونا موجود ہے، تاہم سونے کے سکے فراہم کرنے والے  اے ٹی ایم نے فوراً عوامی توجہ حاصل کر لی ہے۔

انڈیا کے جنوبی شہر حیدآباد دکن کے بیگم پیٹ علاقے میں پہلی مرتبہ گولڈ اے ٹی ایم مشین لگائی گئی ہے، جو صرف ایک بٹن دبانے سے نصف گرام سے 100 گرام تک سونے کے سکے آپ کے ہاتھوں میں دے گی۔

اس گولڈ اے ٹی ایم میں سب سے خالص سمجھے جانے والے 24 قراط کے سکے نکلیں گے۔

گولڈ سکہ نامی کمپنی کی جانب سے 3 دسمبر کو پہلا گولڈ سکہ اے ٹی ایم لانچ کیا گیا، جو انڈیا کا پہلا گولڈ سکہ اے ٹی ایم اور دنیا کا اولین فرسٹ ریئل ٹائم گولڈ اے ٹی ایم ہے۔

اس کے ذریعے آپ کیش ادائیگی کی مدد سے ایک منٹ میں سونا خرید سکتے ہیں۔

گولڈ سکہ کمپنی کے سی ای او ایس وائی تروج نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ گاہک اب جیولری شو رومز جانے کے بجائے  براہ راست اے ٹی ایم کے ذریعے سونا خرید سکتے ہیں۔

ان کے بقول: ’اے ٹی ایم میں پانچ کلو گرام تک سونے کے سکے ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔  گاہک 0.5 گرام سے سو گرام تک کے سکے خرید سکتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ اس اے ٹی ایم کے ذریعے سونا خریدنا اتنا ہی آسان ہے جتنا کہ کسی بھی عام اے ٹی ایم سے رقم نکالنا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’گاہک اپنے ڈبیٹ یا کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہوئے گولڈ اے ٹی ایم سے سونا خرید سکتا ہے۔ گولڈ اے ٹی ایم سونا خریدنے کے طریقہ میں ایک انقلاب برپا کرے گی۔‘

رواں ماہ کی تین تاریخ کو لانچ ہونے کے بعد سے متعدد گاہک اے ٹی ایم کے پاس قطار میں کھڑے دکھائی دیے اور کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کا سونے کا سکہ خریدا۔

ایک خاتون خریدار نے انڈپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ وہ بہت پُرجوش ہیں کہ ان کے شہر میں پہلی بار گولڈ اے ٹی ایم نصب کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لین دین کے پورے عمل میں ایک منٹ سے بھی کم وقت لگا،  اس لیے جو بھی سرمایہ کاری کے لیے سونا خریدنا چاہتا ہے تو میرے خیال میں یہ سونا لینے کا بہترین طریقہ ہے۔

گذشتہ برس انڈیا نے ایک ہزار پچاس ٹن سونا برآمد کیا اور اس خریداری پر تقریباً چار کھرب بھارتی روپے خرچ کیے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا