متحدہ عرب امارات نے آج پاکستان کے دو ارب ڈالر قرض واپسی کی مدت میں توسیع اور اضافی ایک ارب ڈالر دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کے دفتر نے یہ اعلان متحدہ عرب امارات کے رہنما ابوظبی کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کے بعد کیا۔
جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے موجودہ قرض میں توسیع اور نئے قرض پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے سرمایہ کاری تعاون کو مزید بڑھانے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو ممکن بنانے پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ابوظبی کے شاہی محل میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
گذشتہ اپریل میں وزیراعظم بننے کے بعد شہبازشریف اب تیسری بار دورے پر متحدہ عرب امارات گئے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امارات کی سات ریاستوں میں17 لاکھ پاکستانی ہیں، جن میں سے اکثر مزدور پیشہ ہیں اور اپنے ملک واپس پیسہ بھیجتے ہیں۔
شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے۔
دو روزہ دورے کے دوران دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے بھی شہبازشریف کی ملاقات متوقع ہے۔
بدھ کو شہباز شریف نے کہا تھا کہ کئی ممالک اور کچھ عالمی اداروں نے موسم گرما میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کے لیے 9.7 ارب ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔
اس سیلاب میں ایک ہزار739 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 20 لاکھ سے زائد گھر تباہ اور 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔