متحدہ عرب امارات میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے شیخ خلیفہ پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کرنے والے ایک ایشیائی نوجوان کو بچا لیا ہے۔
عجمان پولیس نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔
فضا سے بنائی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان شیخ خلیفہ پل پر نیچے کی جانب ٹانگیں لٹکائے بیٹھا ہے جبکہ ان کے قریب موجود چند افراد ان سے گفتگو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس دوران اس نوجوان کے پیچھے کھڑے پولیس اہلکار آہستہ آہستہ ان کے قریب ہونے کی کوشش کرتے ہیں اور موقع ملتے ہی نوجوان کو کھینچ کر زمین پر لیٹا دیتے ہیں۔
عجمان پولیس نے اپنی ٹویٹ میں ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ نوجوان غربت کے باعث خودکشی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
گلف نیوز کے مطابق واقعہ اتوار کی دوپہر پیش آیا۔
عجمان پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آپریشنز بریگیڈیئر جنرل عبداللہ سیف المتروشی نے بتایا کہ آپریشن روم کو ایک رپورٹ موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک شخص شیخ خلیفہ پل سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دے رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ کرمنل انویسٹی گیشن ٹیم اور پولیس کی گشت کرنے والی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور اہلکار اس شخص کو باتوں میں لگا کر پکڑنے میں کامیاب ہوگئے۔
بریگیڈیئر جنرل عبداللہ سیف المتروشی کے مطابق نوجوان کو الحمیدیہ پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا اور تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ وہ شدید مالی مسائل کا شکار ہیں۔
’ان کے مالی مسائل کو حل کرنے اور دوبارہ متوازن زندگی میں واپس آنے میں مدد کے لیے انہیں کمیونٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔‘
خلیج ٹائمز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آپریشنز کا کہنا ہے کہ ’اس ایشیائی باشندے کا ذہنی توازن درست پایا گیا ہے اور وہ کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھا۔‘