انڈیا میں شدید سردی اور اچانک برف باری کے باعث ہمالیہ کے علاقے میں ایک وفادار کتا کئی دن تک اپنے جان سے جانے والے مالکان کی لاشوں کے پاس بیٹھا رہا، حالانکہ وہاں سخت سرد موسم اور برفانی تودوں کا خطرہ موجود تھا۔
اس واقعے کی ویڈیوز، جو رواں ہفتے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئیں، ریاست ہماچل پردیش کے علاقے بھرماور سے سامنے آئیں جہاں ایک پٹ بل نسل کے کتے کو گہری برف میں دبی دو لاشوں کے پاس کھڑا دیکھا گیا۔
حکام کے مطابق 19 سالہ وکست رانا اور اس کے 14 سالہ کزن پیوش کمار شدید موسم کے دوران ویڈیوز بنانے کے لیے بھرماور کے علاقے میں واقع بھرمَنی مندر کے قریب گئے تھے، جہاں وہ لاپتہ ہو گئے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ دونوں برف میں پھنس کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
چار دن بعد، 26 جنوری کو جب ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد وہاں پہنچے تو پیوش کی لاش برف کی کئی تہوں کے نیچے دبی ہوئی ملی، جبکہ ڈیڑھ سالہ کتا اب بھی اس کے پاس موجود تھا۔ بعد ازاں وکست رانا کی لاش تقریباً 100 میٹر نیچے ڈھلوان پر ملی۔
انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دنیش کمار شرما نے بتایا: ’وکست ایک بلاگر تھا جو پہاڑوں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا پسند کرتا تھا۔ خاندان اور دوستوں کے مطابق، بلند علاقوں میں جانے سے پہلے اس نے سلیپنگ بیگز، کم از کم دو افراد کے لیے خیمہ، پیک شدہ خوراک اور دیگر ضروری سامان کا انتظام کیا تھا۔ وہ اپنا پالتو پٹ بل کتا، جس کا نام شیرو تھا، بھی ساتھ لے گیا تھا۔‘
This little dog was rescued from the snow covered mountains in Chamba. It was found sitting near the body of his young owner, who had gone missing with his cousin and the dog four days back. The boys died but this faithful dog was rescued just in the nick of time @thetribunechd pic.twitter.com/sW5tl8DizG
— subhash rajta (@rajta) January 26, 2026
انہوں نے مزید کہا: ’بدقسمتی سے برفانی طوفان انتہائی شدید تھا اور درجہ حرارت منفی 9 سے منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ ہمیں لاشوں کے قریب سلیپنگ بیگز، خیمہ اور دیگر سامان ملا۔ پٹ بل کتا پیوش کی لاش کے پاس کھڑا تھا۔‘
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اس دوران کتے نے نہ تو اپنی جگہ چھوڑی اور نہ ہی کچھ کھایا، بلکہ برفانی طوفان اور شدید سردی کے باوجود وہ وہیں موجود رہا۔ جب ٹیم نے لاش نکالنے کی کوشش کی تو کتا ابتدا میں جارحانہ ہو گیا اور ایسے محسوس ہوا جیسے وہ لاش کی حفاظت کر رہا ہو، تاہم بعد میں پیار سے سمجھانے پر وہ ایک طرف ہٹ گیا۔
بعد ازاں شیرو کو وکست رانا کے خاندان کے حوالے کر دیا گیا۔
اس واقعے کی ویڈیوز، جن میں شیرو کو برف میں لاش کے پاس کھڑا اور بعد میں وہاں سے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا، سوشل میڈیا پر کروڑوں افراد نے دیکھیں اور کتے کی وفاداری کو سراہا۔
ادھر ہمالیائی خطہ شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث مختلف ریاستوں میں برفانی تودے گرنے، سڑکوں کی بندش اور ریسکیو آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کشمیر کے انتہائی شمالی علاقے سونمرگ میں منگل کے روز ایک سیاحتی مقام پر برفانی تودہ گرنے سے کئی عمارتیں برف میں دب گئیں، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کیونکہ علاقے میں پہلے ہی برفانی تودے کی وارننگ جاری کی جا چکی تھی۔
اسی علاقے میں ریسکیو ٹیموں نے 40 گھنٹے کی کارروائی کے بعد تقریباً 60 افراد کو بحفاظت نکالا، جو 10 ہزار 500 فٹ کی بلندی پر برف کے باعث سڑکیں بند ہونے کے بعد پھنس گئے تھے۔
پڑوسی ریاست اتراکھنڈ کے بلند علاقوں میں بھی تازہ برف باری کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کیونکہ برفانی تودوں کے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سرکاری تحقیقی ادارے ڈیفنس جیو انفارمیٹکس ریسرچ اسٹیبلشمنٹ نے اترا کاشی، چمولی اور رودر پریاگ کے اضلاع میں غیر مستحکم برفانی صورت حال سے خبردار کیا ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں سکول بند کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں خاص طور پر بلند اور برفانی تودوں کے خطرے والے علاقوں میں مزید برف باری سے صورت حال ابتر ہو سکتی ہے۔
© The Independent