پاکستان، سعودی عرب سمیت آٹھ ممالک کا غزہ میں اسرائیلی کارروائی کی مذمت

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کئی بچوں سمیت کم از کم 30 فلسطینی جان سے گئے۔

31  جنوری، 2026 کو جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مغرب میں واقع پناہ گزین سنٹر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد دھواں اور آگ کے شعلے اٹھتے دکھائی دیے (اے ایف پی)

پاکستان، سعودی عرب، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے اتوار کو غزہ میں فائر بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی جانوں سے گئے اور زخمی ہوئے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہیں اور وہ بھی ایسے وقت میں جب علاقائی اور عالمی فریقین صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کئی بچوں سمیت کم از کم 30 فلسطینی جان سے گئے۔

یہ اموات گذشتہ اکتوبر میں فائر بندی معاہدے کے بعد سے ہونے والے سب سے زیادہ جانی نقصان میں سے ہیں۔

اسرائیل نے جمعے کو حماس پر نئی فائر بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام لگایا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فائر بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں سیاسی عمل کے لیے براہ راست خطرہ ہیں اور غزہ میں سیکیورٹی اور انسانی حالات کو بہتر بنانے کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لیے مکمل وابستگی پر بھی زور دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مشترکہ اعلامیے میں تمام فریقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس نازک مرحلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں، فائر بندی کو برقرار رکھیں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو جاری عمل کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔

وزرا نے زور دیا کہ جلد بحالی، تعمیر نو اور منصفانہ و پائیدار امن کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے، جو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ریاست کے قیام پر مبنی ہو، اور بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق ہو۔

ہفتے کو غزہ کے ہسپتال حکام کے مطابق یہ حملے غزہ کے مختلف علاقوں پر کیے گئے، جن میں غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت اور خان یونس کا ایک خیمہ کیمپ شامل ہے۔

حماس نے ہفتے کے ان حملوں کو ’فائر بندی کی کھلی، تازہ خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے امریکہ اور دیگر ثالث ملکوں سے اسرائیل کو روکنے کا مطالبہ کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا