پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر دیے گئے: فواد چوہدری

تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلیاں توڑنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر دو دن تک گورنر  نے اسمبلی نہ توڑی تو خود بخود ٹوٹ جائے گی۔
مزید برآں یہ کہ پی ٹی آئی اپنی دو اسملیاں توڑ کر انتخابات کی طرف جائے گی اور پاکستان کو اب اسی سمت بڑھنا ہے۔

اس سے قبل انہوں نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے لیے کوئی سرپرائز نہیں تھا کیونکہ ہمارے اراکین پورے تھے اور ہمیں علم تھا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’اسمبلی تحلیل کرنے پر فیصلہ ہو چکا ہے، ہم تو چاہتے ہیں کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں آج ہی تحلیل ہو جائیں۔‘

اس سے قبل عمران خان کی زمان پارک میں پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’آئین کے تقاضے کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے ساتھ باہم مشورے سے عبوری حکومت تشکیل دے دی جائے گی۔‘

فواد چوہدری کے مطابق، ’90 دنوں کے اندر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ یہ تقریباً پاکستان کی 60 فیصد سیٹوں پر انتخابات بنتے ہیں۔ ہم اب بھی سمجھتے ہیں وفاقی حکومت کو اپنی ضد سے باہر آنا چاہیے۔ پاکستان میں الیکٹوریل فریم ورک طے کریں اور پاکستان کو ایک قومی انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔‘

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’جب تک ہم پاکستان میں استحکام نہیں لاتے، پاکستان کی معیشت کبھی بھی صحیح نہیں ہو سکتی، اور استحکام صرف الیکشن سے آ سکتا ہے۔ اب جب 60 فیصد پاکستان الیکشنوں میں جا رہا ہے تو یہ سمجھ سے باہر ہو گا کہ باقی 40 فیصد پاکستان کی نشستوں پر الیکشن کیوں نہ ہو۔‘

پی ٹی آئی رہنما نے کہا، ’لہٰذا ہم دوبارہ سپیکر کو بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمارے استعفے منظور کیے جائیں تاکہ قومی اور صوبائی انتخابات ایک ہی وقت میں ہو سکیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان