پی ایس ایل سیزن 8: ملتان کے سٹیڈیم میں خاص کیا ہے؟

13 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل سیزن 8 کی افتتاحی تقریب پہلی مرتبہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں شائقین کو کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کا باقاعدہ آغاز 13 فروری سے ہونے جا رہا ہے اور اس کی افتتاحی تقریب پہلی مرتبہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2022 میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم کو ضلعی انتظامیہ سے حاصل کیا تھا، جس کے بعد اس کے انتظامات پی سی بی کے ذمے ہیں۔

اس مرتبہ پی ایس ایل سیزن آٹھ کے لیے افتتاحی تقریب کے علاوہ پانچ میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہی شیڈول کا حصہ ہیں، جس کے لیے گراؤنڈ میں چار پچیں تیار کی جا رہی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کی، جہاں پچوں کے حوالے سے ہیڈ کیوریٹر ریاض احمد نے بتایا کہ ’پی ایس ایل کے لیے یہاں چار پچیں تیار کی جار ہی ہیں جبکہ یہاں پر کُل 13 پچیں ہیں اور جس پچ پر بھی میچ کروایا جائے تو آسانی سے 75 کی باؤنڈری لگ سکتی ہے۔‘

اس گراؤنڈ میں تقریباً 30 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ ہے۔

حالیہ انتظامات کا جائزہ لیا جائے تو انکلوژر کی نشستوں پر مختلف رنگوں کا پینٹ کیا گیا ہے جس سے ہر انکلوژر اپنے رنگ کی وجہ سے خوبصورتی کا حامل ہے۔ گراؤنڈ کے باہر والی دیواروں پر بھی براؤن پینٹ کیا گیا ہے جس سے شائقین کو بیرونی عمارت نئی اور خوبصورت لگے گی۔

میچ کے ٹکٹ حاصل کرنے والے شائقین کو روایتی انداز میں گیٹ سے گزارا جائے گا جہاں قطار کو منظم رکھنے کے لیے لوہے کے پائپوں کو جوڑ کر 25 سے 30 فٹ لمبے بیریئر لگائے گئے ہیں جن کے درمیان سے ہوتے ہوئے شائقین گراؤنڈ کے گیٹ سے داخل ہوں گے۔

افتتاحی تقریب ہمیشہ سے پی ایس ایل کے ماتھے کا جھومر تصور کی جاتی ہے، جس میں ملک کے مایہ ناز گلوکار اور فنکار پرفارم کرتے ہیں اور شائقین کی داد وصول کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سیزن کی افتتاحی تقریب میں شائقین کو کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا جس میں اے آر اور وی آر ٹیکنالوجی بھی شامل ہوں گی۔ اس ٹیکنالوجی کو آسان لفظوں میں سمجھنے کے لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ میں بیٹھے شائقین کو آسمان پر لائٹوں اور لیزر کے ذریعے مختلف سکیچ اور ڈیزائن دکھائے جائیں گے، جسے میوزک سے ساتھ ملا کر پلے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم کے مینیجر مدثر تارڑ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’پاکستان کی کرکٹ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی افتتاحی تقریب میں اے آر اور وی آر ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے جبکہ ڈرون اور لائٹ شو بھی ہوں گے۔ یہ ایونٹ لوگوں کے لیے قابل دید ہو گا۔‘

مدثر تارڑ نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو خصوصی دعوت دی کہ وہ آئیں اور یہاں آ کر اپنے علاقے میں ہونے والے جشن میں حصہ لیں اور اپنا اور ملتان کا نام روشن کریں۔

13 فروری کو ہونے والی افتتاحی تقریب کے بعد پہلا میچ ملتان سلطانز اور لاہور قلندر کے مابین کھیلا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ