پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی لاہور کے شالامار باغ میں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کی ٹرافی کی رونمائی جمعرات کو لاہور کے تاریخی شالامار باغ میں کی جائے گی۔

پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کا باقاعدہ آغاز 13 فروری کو ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہو گا جو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ایک رنگا رنگ تقریب کے بعد شروع ہو گا(تصویر: اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کی ٹرافی کی رونمائی کل (جمعرات کو) لاہور کے تاریخی شالامار باغ میں کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور لیگ کی چھ فرینچائزز کے مالکان تقریب میں شرکت کریں گے۔

پی ایس ایل 8 کا باقاعدہ آغاز 13 فروری کو ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہو گا جو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ایک رنگا رنگ تقریب کے بعد شروع ہو گا۔

ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ میں اپنا سفر 2018 کے سیزن سے شروع کیا تھا اور خود کو سب سے کامیاب ٹیم کے طور پر ثابت کیا ہے۔

سلطانز کی جیت کی شرح 57.54 فیصد  ہے جو لیگ کی تمام چھ فرینچائز میں سب سے زیادہ ہے۔ اس ٹیم نے 2021 میں اپنا پہلا ٹائٹل جیتا اور 2022 میں رنر اپ رہی۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے قریب آنے کے ساتھ ہی ملتان سلطانز اپنی شاندار کارگردگی کو جاری رکھنے اور دوسری بار یہ اعزاز جیتنے والی دوسری ٹیم بننے کے لیے بے تاب ہے۔

پی سی بی ڈیجیٹل نے ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور سے ٹیم کی تیاریوں اور جیت کے امکانات کے بارے میں بات کی۔

ملتان سلطانز کی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے کہا کہ ’اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ سب سے پہلے یہ ہماری ٹیم ہی ہے جس میں شامل کھلاڑیوں نے خود کو ہمیشہ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں رکھ کر ایک شاندار کام کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پہلے شان مسعود کی کپتانی میں ٹیم نے کامیابیاں سمیٹیں اور اب محمد رضوان بھی ایک لیڈر کے طور پر بھی نمایاں رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس اچھی اور تجربہ کار کوچنگ ٹیم ہے جو مقامی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 ڈرافٹنگ اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق انگلش کوچ نے کہا کہ ’ڈرافٹنگ فرینچائز کے پورے عمل کا ایک انتہائی اہم حصہ ہے۔ ہم ڈرافٹنگ سے خوش ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ ہمارے پاس ایک اچھا سکواڈ جمع ہو گیا ہے جس سے ہمیں مختلف آپشنز ملتی ہیں کہ اپنی ٹیم کو متوازن کیسے بنایا جائے۔‘

ان کے بقول: ’اگر آپ کے پاس اچھے مقامی کھلاڑی ہیں تو یہ آپ کو ٹورنامنٹ میں بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ لیگ غیر ملکی کھلاڑیوں کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ اچھے، مضبوط، باصلاحیت مقامی کھلاڑی کے بارے میں ہے۔‘

اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ ’ان کے لیے شان اور رضوان بہترین امتزاج ہیں جو بطور ٹیم مضبوط رہنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔ شاہنواز دھانی انتہائی پرجوش ہیں ان کی موجودگی ٹیم کے لیے اچھی ہے اور میں تیز گیند باز احسان اللہ کی بولنگ دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔‘

جب اینڈی فلاور سے پوچھا گیا کہ انہوں نے دنیا بھر کی لیگز کے ساتھ کام کیا ہے تو پی ایس ایل میں انہیں کیا چیز نمایاں لگی؟

اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہر لیگ کی مختلف خوبیاں ہیں لیکن میں نے حقیقی طور پر پاکستان سپر لیگ کے ساتھ گزارے گئے اپنے وقت کا لطف اٹھایا ہے۔ میں یہاں دستیاب ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت پرجوش رہا ہوں۔ لیکن میرے لیے جو چیز واقعی نمایاں ہے وہ ہے یہاں کی فاسٹ بولنگ اور سپن بولنگ کا ٹیلنٹ۔‘

ان کےمطابق: ’پاکستان سپر لیگ میں ہر فرینچائز کے پاس تیز رفتار اور سپن بولنگ اٹیک ہے۔ بیٹنگ کا معیار بھی اعلیٰ ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ