ایلون مسک ہر گھنٹے بعد ٹویٹ کیوں کر رہے ہیں؟

عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ زیادہ ٹویٹس کرنے سے فالوونگ اور انگیجمنٹ میں اضافہ ہوتا ہے مگر جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر کا چارج سنبھالا ہے، اکثر صارفین ٹوئٹر انگیجمنٹ کم ہونے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔

واشنگٹن: 14 اپریل 2022 کو لی گئی اس تصویر میں ایلون مسک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ان کی تصویر کے سامنے(اے ایف پی)

ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے جب سے ٹوئٹر خریدا ہے تب سے ہی اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آئے روز کوئی نہ کوئی تبدیلی دکھائی دیتی ہے یا پھر ان کی ’پالیسی سٹیٹمنٹ‘ ٹوئٹر صارفین میں کھلبلی مچائے رکھتی ہے۔

چند روز قبل پاکستان اور انڈیا کے بلیو ٹک کا معاوضہ ادا نہ کرنے والے ٹوئٹر صارفین کے بلیو ٹک غائب ہوئے تو اس پلیٹ فارم پر موضوع گفتگو بلیو ٹک بنا رہا۔ اس کے بعد فراغ دل ایلون نے ایک ملین اور اس سے زیادہ فالورز والے اکاؤنٹس کو بلیو ٹک بلا کسی معاوضے کے واپس کر دیے۔

اب ایلون مسک تقریبا ایک ٹویٹ فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹویٹس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ ان ٹویٹس کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے اور سمجھ نہیں آ رہا کہ ان ٹویٹس کے پیچھے کیا وجہ کار فرما ہے۔

عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ زیادہ ٹویٹس کرنے سے فالوونگ اور انگیجمنٹ میں اضافہ ہوتا ہے مگر جب سے ایلون مسک نے ٹوئٹر کا چارج سنبھالا ہے، اکثر صارفین ٹوئٹر انگیجمنٹ کم ہونے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔

پاکستانی وقت کے مطابق رات دو بجے کے قریب ایلون مسک نے ٹویٹ کی: ’ہم دلچسپ ترین وقت میں رہ رہے ہیں۔‘

اس کے بعد انہوں نے کانٹینٹ بنانے والوں کو مونٹائزیشن کا طریقہ سکھایا۔

بعد ازاں ایک اور ٹویٹ کے ذریعے ایلون مسک نے بتایا کہ وہ ٹوئٹر پر ’شفافیت بڑھانے کے لیے تیزی سے کام کر رہے ہیں مگر اس پر ابھی بھی بہت کام کرنا باقی ہے۔‘

پھر انہوں نے بھی کہا: ’سینسر نہ کریں یہ نہ ہو کہ آپ ہی سینسر ہو جائیں۔‘

اپنے بچپن کی بہترین یاد کے متعلق انہوں نے فالوورز کو بتایا: ’میرے بچپن کی بہترین یادداشت کمر میں درد نہ ہونا ہے۔‘

ان ٹویٹس کے علاوہ بھی انہوں کئی ٹویٹس کیں، ان میں ایسی ٹویٹس بھی شامل تھیں جن کا آپس میں کوئی ربط بن رہا تھا نہ صارفین یہ سمجھ پا رہے تھے کہ اتنی کثیر تعداد میں بے ربط ٹویٹس کا مقصد کیا ہے۔

خبر رساں ادارے بزنس ٹو کمیونٹی کے مطابق زیادہ سے زیادہ فالوورز حاصل کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ ٹویٹس کریں۔

ایلون مسک نے جب ٹوئٹر خریدا تھا تو اس وقت ٹوئٹر کی مالیت 44 ارب ڈالر تھی لیکن امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کے مطابق اس وقت ٹوئٹر کی مالیت کا تخمینہ 20 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

اں یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ کیا واقعی ایلون اپنے اکاؤنٹ اور پلیٹ فارم کی ریچ بڑھانے کے لیے ایسا کر رہے ہیں؟

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل