’پہلی‘ سندھی اداکارہ جن کی فلم کین فلمی میلے میں پیش کی گئی

فلم کی کہانی عورت کی جدوجہد پر مبنی ہے، جس میں کوئی گانا یا گلیمر کے بجائے حقیقی زندگی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

اداکارہ بختاور مظہر پلیجو پہلی بار مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں (بختاور مظہر)

پاکستان کی ’پہلی‘ سندھی خاتون اداکارہ بختاور مظہر پلیجو کی فیچر فلم ’ان فلیمز‘ کو فرانس کے کین فلم فیسٹیول کے ’ڈائریکٹرز فورٹ نائیٹ‘ میں پریمیئر کے لیے چنا گیا ہے، جہاں اس فلم کی 19 سے 27 مئی تک نمائش کی جائے گی۔  

دنیا بھر کے سیاحوں میں مقبول بحیرۂ روم کے سمندر کے کنارے جنوبی فرانس کے ساحل پر واقع کین شہر میں منعقد ہونے والے 76 ویں کین فلمی  فیسٹیول 16 مئی سے 27 مئی تک منعقد کیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول میں دنیا بھر سے منفرد فلموں کو نمائش کے لیے چنا گیا ہے۔  

پاکستانی فلمی انڈسٹری میں ڈراؤنی فلمیں کم بنتی ہیں۔ ’ان فلیمز‘ اسی مختصر فہرست کا حصہ ہے جس کا سکرپٹ پاکستانی نژاد کینیڈین فلم ساز ضرار خان نے لکھا اور انہی نے فلم کی ہدایت کاری بھی کی۔ فلم کی پروڈیوسر انعم عباس ہیں۔ 

اداکارہ بختاور مظہر پلیجو کی پہلی فلم ہے جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جب کہ اس سے پہلے بھی انہوں نے ایک فلم میں سائیڈ رول کی حیثیت سے کام کر چکی ہیں۔  

 بختاور مظہر پلیجو کا تعلق سندھ کے ضلع ٹھٹھہ سے ہے۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق سینیٹر سسی پلیجو کی بہن ہیں۔ انہوں نے بیچلرز ڈگری کراچی سے اور مارکیٹنگ کمیونیکیشن میں ماسٹرز کی ڈگری لندن سے حاصل کی۔  

بختاور مظہر پلیجو نے نینشل انسٹی ٹیوٹ آف پرفارمنگ آرٹ (ناپا) کراچی سے تھیئٹر میں تین سال کا ڈپلوما حاصل کیا۔ کئی تھیئٹر شو کی ہدایت کاری بھی کی۔ 

’ان فلیمز‘ فیچر فلم اردو زبان میں ہے جو 2019 میں فلم بند ہونی تھی مگر کرونا (کورونا) وبا کے باعث نہیں ہو سکی اور فلم کو 2022 میں مکمل کیا گیا۔ اس فلم کی تمام فلم بندی پاکستان میں کی گئی۔

فلم کی کہانی عورت کی جدوجہد پر مبنی ہے، جس میں کوئی گانا یا گلیمر کے بجائے حقیقی زندگی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ محدود بجٹ والی اس فیچر فلم میں خوف ناک مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔  

فلم میں بختاور مظہر پلیجو کے علاوہ عمر جاوید، عدنان شاہ، رمیشہ نول اور دیگر نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرانس جاتے ہوئے استنبول ایئرپورٹ سے ٹیلی فون پر انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بختاور مظہر پلیجو نے کہا فلم مکمل ہونے کے بعد وہ خود فلم کو پہلی بار کین فم فیسٹیول میں دیکھیں گی۔  

بختاور مظہر پلیجو کے مطابق: ’فلم کی رکارڈنگ کے دوران مجھے کہانی دیکھ کر یہ محسوس ہوا تھا کہ یہ فلم ضرور عالمی شہرت پائے گی۔ وہی ہوا اور یہ فلم کین فلمی میلے جیسے عالمی فیسٹیول میں مائش کے لیے چنی گئی۔ 
’اس پر میں تو خوش ہوں ہی مگر مجھ سے زیادہ خوشی میری والدہ کو ہی ہے۔ میری والدہ فلم کی ریکارڈنگ کے دوران ہر وقت فون پر پوچھتی رہتی تھیں۔‘  

انہوں نے کہا کہ ’اس فلم نہ صرف میری بلکہ تمام ٹیم کی محنت شامل ہے۔ ہم سب اس کامیابی پر خوش ہیں۔‘  

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم