لاش کو بکتر بند سے باندھ کر گھمانے پر ایس ایچ او معطل: پشاور پولیس

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں ایک شخص کی لاش کو بکتر بند گاڑی سے باندھ  کر سڑکوں پر گھمانے پر متعلقہ تھانے کے سربراہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

28 اگست 2010 کو پشاور میں پولیس کی بکتر بند گاڑی گشت کرتے ہوئے (اے ایف پی)

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں ایک شخص کی لاش کو بکتر بند گاڑی سے باندھ  کر سڑکوں پر گھمانے پر متعلقہ تھانے کے سربراہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

پشاور پولیس کے ترجمان محمد عالم نے ہفتہ کو انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور پولیس کے سربراہ سید اشفاق انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متنی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا ہے۔

اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے آگے ایک شخص کی لاش کو باندھا گیا ہے۔

اس حوالے سے پشاور پولیس کی جانب سے ہفتہ کو ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’گاڑی سے باندھی گئی لاش ایک دہشت گرد کی تھی جو گذشتہ روز پولیس کے ساتھ حملے میں مارا گیا تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس نے بیان میں مزید بتایا ہے کہ ’دہشت گرد کی لاش کو بکتر بند گاڑی کے ساتھ باندھ کر مختلف علاقوں میں گھمایا گیا تھا۔‘

متنی پولیس سٹیشن جس کی حدود میں یہ واقعہ پیش آیا، کے اہلکار کرم خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ہمیں بھی اس واقعے کے بارے میں تب علم ہوا جب سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ویڈیو کب بنائی گئی ہے۔‘

پولیس اہلکار کرم خان سے جب پوچھا گیا کہ بکتر بند گاڑی سے آگے گاڑی میں بیٹھے پولیس اہلکار متنی پولیس سٹیشن کے ہیں؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ متنی پولیس سٹیشن کے ہیں لیکن ہمارے پاس ریگولر پولیس سمت ریزرو پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی بھی ہوتی ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان