آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 209 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ٹیسٹ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
اوول کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز انڈیا کی پوری ٹیم 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 234 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یہ دوسری بار ہے کہ انڈیا کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں شکست ہوئی ہے۔ اس سے قبل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پہلے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انڈیا نے آسٹریلیا کے 444 رنز کے جواب میں میچ کے چوتھے روز تین وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے اور اس وقت کریز پر ویراٹ کوہلی اور ریحانے موجود تھے۔
تاہم اتوار کو پانچویں دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو انڈین بلے باز زیادہ مزاحمت نہ دکھا سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
ویراٹ کوہلی 49 اور ریحانے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جدیجہ دوسری اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن چار اور سکاٹ بولینڈ تین وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل پر نظر ڈالی جائے تو اوول میں کھیلے جانے والے میچ پر پہلے ہی روز سے آسٹریلوی ٹیم کی گرفت مضبوط رہی ہے۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ یہ یقیناً ایسا فیصلہ تھا جو انڈین کپتان کو ضرور یاد رہے گا۔ کیونکہ ابتدائی چند مشکل اوورز کے بعد آسٹریلوی بلے بازوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئی۔
اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں سٹیو سمتھ اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار بلے بازی کی بدولت 469 رنز کا ایک بڑا سکور بورڈ پر لگا دیا۔
جواب میں انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 296 رنز ہی بنا سکی۔ پہلی اننگز میں ریحانے، جدیجا اور شردل ٹھاکر نے عمدہ بلے بازی کی۔
اس کے بعد آسٹریلیا نے پہلی اننگز کے سکور کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 270 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ اس طرح انڈیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے 444 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ملا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔