وزیرستان کے معذور افراد کا اسلام آباد میں احتجاج جاری

ڈِس ایبل فیڈریشن کے زیر اہتمام اس دھرنے میں شریک افراد وظائف مقرر کیے جانے، نوکریوں میں کوٹے کی بحالی، بےنظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام میں شامل کیے جانے جیسے مطالبات کر رہے ہیں۔

دھرنے کے ترجمان غیاث الدین نے بتایا کہ دھرنے میں 43 افراد شریک ہیں  (تصویر: پشتون ڈِس ایبل فیڈریشن)

جنوبی وزیرستان کی پشتون ڈِس ایبل فیڈریشن (پی ڈی ایف) کے زیر اہتمام معذور افراد کا اپنے مطالبات کے حق میں ‌اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا کئی روز سے جاری ہے۔

دھرنے کے ترجمان غیاث الدین نے بتایا کہ دھرنے میں 43 معذور افراد شریک ہیں، جن میں سے 10 لینڈ مائنز سے متاثر ہونے والے، پانچ فائرنگ سے، تین بصارت سے محروم، تین سماعت اور قوت گویائی سے محروم، تین ذہنی معذور اور چار ایسے افراد ہیں جو وہیل چیئر پر ہیں۔ ان میں 15 پولیو کے شکار افراد بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کے پانچ مطالبات ہیں۔ ان مطالبات کے مطابق ان افراد کے لیے وظائف مقرر کیے جائیں، ان کے لیے نوکریوں میں کوٹہ بحال کیا جائے، انہیں بےنظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام میں شامل کیا جائے اور انہیں ترقیاتی سکیموں میں حصہ دیا جائے۔

غیاث الدین کے مطابق اسلام آباد میں اس دھرنے کو اتوار کو سات دن مکمل ہوگئے ہیں۔ پریس کلب سے پہلے انہوں ‌نے چار دن ڈی چوک پر بھی دھرنا دیا جہاں پر کسی حکومتی عہدیدار نے ان سے ملاقات نہیں کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم پریس کلب میں سیاسی شخصیات سے ان کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ غیاث الدین نے بتایا کہ ان سے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) اسلام آباد کے صدر کامران خان نے اتوار کو ملاقات کی ہے۔

غیاث الدین نے بتایا کہ آج صبح پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر فیصل کریم کنڈی نے بھی ان کے کیمپ کا دورہ کیا اور ان کے مطالبات سنے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل کریم کنڈی نے ان کے خیمے کا بندوبست کیا اور مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے ایک وفد نے بھی احتجاجی کیمپ میں‌ شرکت کی۔

وفد میں‌ این ڈی ایم کے مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن طارق وزیر، مرکزی رہنما اسماعیل محسود، نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی پلاننگ کمیٹی کے رکن زبیر داوڑ، قدرت اللہ وزیر اور محمد یار وزیر شامل تھے۔

وفد نے این ڈی ایم کی جانب سے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور دھرنے کے شرکا کو یقین دہانی کروائی کہ این ڈی ایم خصوصی افراد کے مطالبات ہر فورم پر اٹھائے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان