بنگلہ دیش اے نے ہانگ کانگ میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے دی۔
بدھ کو ہونے والے فائنل میں بنگلہ دیش کا مقابلہ انڈیا اے سے ہوگا۔
انڈیا اے اور سری لنکا کے درمیان پہلا سیمی فائنل گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب ممکن نہ ہو سکا۔ انڈیا اے نے چونکہ اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی لہذا اس نے فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان ایمرجنگ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل کو نو اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ نو اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر59 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان ایمرجنگ نو اوورز میں چار وکٹوں پر 53 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔
ایک موقع پر بنگلہ دیش کی چھ وکٹیں صرف 16 رنز پر گر چکی تھیں لیکن پھر ناہیدہ اختر اور ربیعہ خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 37 رنز کا اضافہ کیا۔
ناہیدہ اختر نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز سکور کیے۔ ربیعہ خان 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
فاطمہ ثنا نے دو اوورز میں صرف 10 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
انوشے ناصر نے دو اوورز میں چھ رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان ایمرجنگ کی اننگز میں ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار نے چار اوورز میں 26 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ایمان فاطمہ ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں لیکن پھر پاکستان ایمرجنگ کی چار وکٹیں 21 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔
شوال ذوالفقار نے 11 رنز بنائے۔ فاطمہ ثنا نے10 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔
ربیعہ خان نے 13 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر سکور
بنگلہ دیش: 59 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ (9 اوورز)۔ ناہیدہ اختر۔ فاطمہ ثنا 10/3 وکٹ ۔ انوشے ناصر6/2 وکٹ۔
پاکستان ایمرجنگ: 53 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ ( 9 اوورز)۔ ایمان فاطمہ 18۔ ربیعہ خان 13/2 وکٹ
سری لنکا ٹور
ادھر پاکستان کی مردو کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز گال اور کولمبو میں کھیلی جائے گی۔
پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا۔
یہ وہی سٹیڈیم ہے جہاں پاکستانی ٹیم نے گذشتہ سال 342 رنز کا ہدف عبور کر کے چار وکٹوں سے ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ یہ اس گراؤنڈ پر سب سے بڑا ہدف عبور کرے ٹیسٹ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔
کولمبو کا سنہالیز سپورٹس کلب 24 سے 28 جولائی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔
پاکستانی ٹیم نے سنہالیز سپورٹس کلب میں آخری مرتبہ 2014 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ اس میدان میں پاکستانی ٹیم چھ ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جن میں سے ایک جیتا ہے ایک میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ چار ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم 9 جولائی کو کولمبو پہنچے گی۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم 11 اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
پاکستانی ٹیم نے آخری مرتبہ گذشتہ سال جولائی میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا جہاں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
دونوں ٹیسٹ میچز گال میں کھیلے گئے تھے۔ پاکستان نے پہلا ٹیسٹ چار وکٹوں سے جیتا تھا۔ سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں 246 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی تھی۔
یہ پاکستانی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25-2023 کی پہلی سیریز ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
9 جولائی ۔ ٹیم کی کولمبو آمد۔
اور 12جولائی۔ وارم اپ میچ۔11
سے20 جولائی ۔ پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل سٹیڈیم۔16
سے 28 جولائی ۔ دوسرا ٹیسٹ ۔ سنہالیز سپورٹس کلب کولمبو۔ 24
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابراعظم ( کپتان ) محمد رضوان ( وکٹ کیپر اور نائب کپتان ) عامر جمال۔ عبداللہ شفیق۔ ابرار احمد ۔حسن علی۔ امام الحق۔ محمد حریرہ۔ محمد نواز۔ نسیم شاہ۔ نعمان علی۔ سلمان علی آغا۔ سرفراز احمد۔ سعود شکیل۔ شاہین آفریدی اور شان مسعود۔
پاکستانی ٹیم کا سپورٹ سٹاف یہ ہے۔ ریحان الحق ( منیجر) گرانٹ بریڈبرن ( ہیڈ کوچ ) اینڈریو پیوٹک ( بیٹنگ کوچ ) مورنے مورکل ( بولنگ کوچ ) آفتاب خان ( فیلڈنگ کوچ ) عبدالرحمن ( اسسٹنٹ کوچ ) ڈریکس سائمین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) کلف ڈیکن ( فزیوتھراپسٹ ) احسن افتخار ناگی ( میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کانٹینٹ منیجر ) لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری ( سکیورٹی منیجر ) طلحہ اعجاز ( انالسٹ ) اور ملنگ علی ( میسیور)