پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ سری لنکا کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو اگلے ماہ سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں میں ٹاپ آرڈر بیٹر محمد حریرہ اور آل راؤنڈر عامر جمال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہو گی۔
پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑی
پاکستانی ٹیم میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ کے علاوہ محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔
بورڈ کے مطابق ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی پلیئنگ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں چار سپنرز ،چار فاسٹ بولرز ،چھ بلے باز اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کے تین دسمبر 2018 کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی بولر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا ہے۔
16-strong squad for our first assignment of the 2023-25 ICC World Test Championship
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 17, 2023
Read more https://t.co/IwunZOcj6i#SLvPAK pic.twitter.com/Pj1YWUmWxg
ٹیم میں واپسی پر شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر وہ خوش ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ سے دوری کو محسوس کر رہے تھے۔
شاہین آفریدی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ سے دور رہنا ان کے لیے مشکل ہو گیا تھا۔
ادھر پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنائے جانے والے محمد حریرہ کی اب تک کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو وہ 24 فرسٹ کلاس میچوں کے علاوہ دس ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔
وہ گزشتہ دو سال سے قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے ہیں۔
دوسری جانب میانوالی سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ عامر جمال نے پاکستان شاہینز کی طرف سے حالیہ دورہ زمبابوے میں چھ ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی ٹیم کے انتخاب کے بارے میں چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ وہ تمام منتخب کردہ کھلاڑیوں خاص کر محمد حریرہ اور عامر جمال کو مبارک باد دیتے ہیں جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’سری لنکا کی کنڈیشنز اور چیلنجز کو دیکھتے ہوئے ٹیم کا سلیکشن کیا گیا ہے۔ یہ تیسری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں ہماری پہلی سیریز ہے اور یہ سکواڈ ہمیں اچھا آغاز فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘
پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ انہیں چھ ماہ کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
دورہ سری لنکا سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم تین جولائی کو کراچی میں جمع ہو گی جہاں اس کا کیمپ نو جولائی کو روانگی تک جاری رہے گا۔
دورے کا شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ جاری کرے گا۔
پاکستان اور اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز جولائی 2022 میں کھیلی گئی تھی جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔