قرآن کی بےحرمتی: پاکستانی درخواست پر اقوام متحدہ کی کونسل کا اجلاس طلب

پاکستان کی درخواست پر 47 رکنی کونسل اس موضوع پر بحث کے لیے اپنا ایجنڈا تبدیل کرے گی۔

اسلام آباد، 3 جولائی، 2023 کو جماعت اسلامی کے احتجاج میں ایک شخص قرآن مجید اٹھائے ہے جب کہ پولیس اہلکار بھی موجود ہیں (اے ایف پی)

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ترجمان نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان کی درخواست پر سویڈن میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے مسئلے پر غور کے لیے کونسل کی ہنگامی نشست بلائی گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 28 جون کو سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کی جامعہ مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے خلاف پوری مسلم دنیا کی طرف سے سفارتی ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان اور دیگر ملکوں نے کونسل سے ’مذہبی منافرت کی سوچی سمجھی اور سرعام کارروائیوں میں اس خطرناک حد تک اضافے کے بارے میں بات کرنے کا مطالبہ کیا جو بعض یورپی اور دوسرے ممالک میں قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی سے ظاہر ہوتا ہے۔‘

جنیوا میں قائم انسانی حقوق کونسل کے ہر سال تین باقاعدہ اجلاس ہوتے ہیں۔ انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی سب سے بڑی تنظیم کا فی الحال دوسرا سیشن ہو رہا ہے جو 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

پاکستان کی درخواست پر 47 رکنی کونسل اس موضوع پر بحث کے لیے اپنا ایجنڈا تبدیل کرے گی۔

کونسل کی ترجمان پاسکال سِم نے صحافیوں کو بتایا کہ ’زیادہ امکان یہ ہے کہ فوری بحث اس ہفتے کروائی جائے گی۔ تاریخ اور وقت کا تعین کونسل کا بیورو کرے گا جس کا اجلاس آج ہو رہا ہے۔‘

جنیوا میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پیر کو کونسل کے صدر کو اسلامی تعاون تنظیم کے ان 19 ارکان جو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا حصہ ہیں اور او آئی سی کے دیگر ممالک کی طرف سے خط لکھ کر فوری بحث کروانے کی درخواست کی۔

فوری کارروائی

ہاشمی نے کہا کہ 28 جون کو ہونے والی ’اشتعال انگیز کارروائی کی دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی اور انہیں سختی سے مسترد کیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات انسانی حقوق کونسل سے فوری کارروائی کا تقاضہ کرتے ہیں۔‘

دوسری جانب حکومت پاکستان نے سات جولائی کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا گیا۔ جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ سات جولائی کو اس واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم سے اس احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں ہونے والے اس واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلامی تعاون تنظیم بحث کے نتیجے میں کونسل سے منظور کروانے کے لیے ایک قرارداد پیش کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے اور جلد ہی قرارداد کا مسودہ کونسل کے ارکان کو فراہم کیا جائے گا۔

پاکستان کے علاوہ الجزائر، ملائیشیا، قطر، سوڈان، صومالیہ اور متحدہ عرب امارات سمیت 47 رکنی انسانی حقوق کونسل میں او آئی سی کے 19 ممالک میں شامل ہیں۔

اتوار کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں او آئی سی نے مستقبل میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعات سے بچنے کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا۔

سویڈن کی حکومت نے اتوار کو گذشتہ ہفتے قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعے کو ’اسلامو فوبک‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

لیکن سویڈن کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا تھا کہ سویڈن کو ’اظہار رائے اور مظاہرے کی آزادی کا آئینی طور پر تحفظ یافتہ حق‘ حاصل ہے۔

سعودی عرب، عراق، کویت، متحدہ عرب امارات اور مراکش سمیت مختلف ممالک نے سویڈن کے سفیروں کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا