کوئٹہ میں جرمن قونصل جنرل کے تعاون سے بڈی بیئر مجسمہ نصب کر دیا گیا ہے جو دنیا بھر میں امن و دوستی کے نام سے شہرت رکھتا ہے۔
نیلے رنگ کے بیئر (ریچھ) کا مجسمہ اپنے دونوں ہاتھ کھولے اب کوئٹہ میں بھی دوستی کا پیغام دے رہا ہے۔
اس مجسمے کا افتتاح کراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل روڈیگر لوٹز نے کیا۔ اس موقع پر جرمنی کے کوئٹہ میں اعزازی قونصل جنرل مراد علی بلوچ اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ جبار بلوچ بھی موجود تھے۔
جرمن قونصل جنرل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بڈی بیئر کے کھڑے ہاتھوں کا مطلب ہے کہ تعاون، امن، دوستی، ہم بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی کے بڈی بیئر کے مجسمے دنیا بھر کے مختلف ممالک کے 16 ہزار مقامات اور شہروں میں نصب ہیں جن میں واشنگٹن، ٹوکیو اور پیرس بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جرمن قونصل جنرل نے بتایا کہ بڈی بیئر کوئٹہ کے مقامی طالب علم اورآرٹسٹ کے ذریعے پینٹ کرایا گیا جس میں ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے پیغام کو اجاگر کیا ’جو ہم سب کے لیے ایک چیلنج ہے، جس سے سب کو مل کر نمٹنا ہے۔‘
کوئٹہ میں جی پی او چوک پر جہاں یہ مجسمہ نصب کیا گیا اس چوک کا نام اب ’برلن کوئٹہ فرینڈشپ اسکوائر‘ رکھ دیا گیا ہے۔
جرمنی کےکوئٹہ میں اعزازی قونصل جنرل مراد علی بلوچ نے کہا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ ہم برلن کے سفیر کو کوئٹہ لانے میں کامیاب رہے، اس پر بنا آرٹ صرف ہمارے تعلقات کی نشاندہی نہیں کرتا بلکہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی اجاگر کرتا ہے۔‘