پاکستان میں انتخابات، نگران حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں: امریکہ

امریکہ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ہم ایسے میں عبوری وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جب وہ انتخابات کرانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔‘

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان میں نگران وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے بدھ کو پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ’پاکستان میں قومی اسمبلی اور حکومت کے تحلیل ہونے سے ہم آگاہ ہیں اور یہ بھی ہمارے علم میں ہے کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگران وزیر اعظم ہیں۔‘

پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے 14 اگست کو عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

اس حوالے سے سوال کے جواب میں امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’ہم ایسے میں عبوری وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جب وہ انتخابات کرانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔‘

ترجمان محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ ہمارے مشترکہ مفادات جن میں معاشی استحکام، خوشحالی، سکیورٹی، جمہوریت کے احترام اور قانون کی بالادستی سمیت شفاف اور آزادانہ انتخابات شامل ہیں کے لیے شراکت داری جاری رکھیں گے۔‘

امریکی محکمہ خارجہ میں ہونے والی بریس بریفنگ کے دوران ویدانت پٹیل سے افغانستان میں رہ جانے والے امریکی فوجی آلات پر پاکستانی حکام کے خدشات سے متعلق سوال بھی کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سوال کے جواب میں ویدانت پٹیل نے کہا کہ امریکہ افغانستان کے معاملے پر پاکستانی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ ’ہم انسداد دہشت گردی سے متعلق مذاکرات اور دو طرفہ مشاورت کے ذریعے افغانستان پر بات کرنے کے لیے پاکستانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔‘

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے (پاکستانی) حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے میرے پاس بتانے کے لیے مزید کچھ نہیں ہے۔ ظاہر ہے ہمارے محکمہ دفاع کے ساتھی مخصوص سسٹم اور اثاثوں پر بات کر سکتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا