اے لیولز کے منسوخ شدہ پرچے اکتوبر میں دوبارہ ہوں گے: کیمبرج

وزارت اعلیٰ تعلیم کے تحت ایک اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ دوبارہ لیے جانے والے پرچوں کی فیس نہیں لی جائے گی۔

(وفاقی وزارت اعلیٰ تعلیم و شعبہ جاتی تربیت)

کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے پاکستان میں اس سال مئی میں اے لیولز کے منسوخ ہونے والے پیپرز کا اکتوبر میں دوبارہ امتحان لینے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جمعے کو وفاقی وزارت اعلیٰ تعلیم و شعبہ جاتی تربیت کے ایک پیغام میں کہا گیا کہ فیصلہ اسلام آباد میں وفاقی سیکریٹری کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں عظمیٰ یوسف، کنٹری ڈائریکٹر، کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن (سی اے آئی ای)، ماریہ رحمن، ڈائریکٹر برٹش کونسل، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، چیئرمین ایف بی آئی ایس ای اور مختلف نجی سکولوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ دوبارہ امتحان کا انعقاد اکتوبر میں کیا جائے گا، جن میں طلبہ 11 اور 12 مئی 2023 کو امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے منسوخ ہونے والے مضامین کے پیپرز دوبارہ دے سکیں گے۔

اجلاس میں مزید فیصلہ ہوا کہ کیمبرج ایسے امتحانات کے انعقاد کے لیے کوئی فیس چارج نہیں کرے گا۔ 

نو مئی کو ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال اور ہنگاموں کے سبب پاکستان میں 10 سے 12 مئی تک ہونے والے اے لیولز کے امتحانات منسوخ کر دیے گئے تھے اور منسوخ ہونے والے پرچے دوبارہ لینے کی بجائے کیمبرج انتظامیہ نے اوسط مارکنگ کا طریقہ اپنایا تھا۔

 

ایکس پر پوسٹ کے مطابق اجلاس میں جو مزید مندرجہ ذیل فیصلے بھی ہوئے: 

· انفرادی کیسوں کی دوبارہ تشخیص کی جائے گی، جہاں سکول کے تشخیص شدہ درجات اور کیمبرج کے تشخیصی درجات کے درمیان بہت زیادہ فرق دیکھا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سکول دوبارہ تشخیص کی درخواستیں کیمبرج کو جمع کرائیں گے اور سکول ایسی درخواستوں کے اخراجات کا 80 فیصد برداشت کریں گے جبکہ بقایا 20 فیصد اخراجات والدین برداشت کریں گے۔

· وزارت معروف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ ملاقاتیں کرے گی تاکہ ان کے تعلیمی اداروں میں داخلوں میں لچک پیدا کی جا سکے۔

· وزارت صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی رابطہ کرے گی تاکہ ان کے ذریعے ایسے ہی اقدامات شروع کیے جاسکیں۔

پوسٹ کے مطابق پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں ایک شکایات کے ازالے کا طریقہ کار بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ حل نہ ہونے والی شکایات پر نظر رکھی جا سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل