معاشی پالیسیوں کے تسلسل پر نگران حکومت کے ساتھ ہیں: فوج

آرمی چیف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران حکومت کو پاکستانی فوج کی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے کے لیے پالیسیوں کے تسلسل میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے سربراہی میں 28 اگست کو ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا (وزیراعظم آفس)

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے پالیسیوں کے تسلسل میں فوج کی نگران حکومت کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یہ بات پیر 28 اگست کو نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے سربراہی میں ہونے والے سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے چوتھے اجلاس کے دوران کہی۔

 ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا یہ نگران حکومت کے تحت ہونے والا پہلا اجلاس تھا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے نگران حکومت کو پاکستانی فوج کی ملکی معیشت کی بہتری اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جانے کے لیے پالیسیوں کے تسلسل میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہمہ گیر ہم آہنگی کے حصول کے لیے مشترکہ ’مکمل حکومتی وژن‘ کے تحت سپیشل انوسٹمنٹ فسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کام کرنے کے ’مؤثر انداز‘ کو سراہا۔

اس موقع پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے پہلے سے بنائے گئے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے جن کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور برادر اور دوست ممالک کے ساتھ روابط کو سراہا جن میں سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی (آئی او ایف ایس) کے اعلیٰ سطح کے وفود کے نتیجہ خیز دورے شامل ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اور معیشت کی بحالی کی مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔

ایپکس کمیٹی نے زراعت، لائیو سٹاک، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری لانے کے لیے گذشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان