سعودی فٹ بال کلب النصر کی ٹیم کا پیر کو ایران میں انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا گیا ہے۔
النصر کے سکواڈ جس میں فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو بھی شامل ہیں کی آمد پر شائقین کا جوش دیدنی تھا۔
سعودی فٹ بال کلب کے ایران پہنچنے پر انہیں کچھ وقت امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رکنا پڑا جس کے بعد تمام کھلاڑیوں نے باہر موجود پرجوش فینز سے ملاقات کی۔
اس کے بعد النصر کے کھلاڑیوں کی بس اپنے ہوٹل کی جانب روانہ ہو گئی۔
وہاں موجود شائقین میں کچھ ایسے بھی تھے جنہیں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھنے کا موقع نہ مل سکا۔
ایسے ہی مداحوں میں النصر کی جرسی پہنے ایک بچہ بھی شامل ہے جس نے روتے ہوئے شکوہ کیا کہ اسے النصر ٹیم کے ہوٹل میں کمرے کی بکنگ کے باوجود رونالڈو کو دیکھنے تک کی اجازت نہ دی گئی۔
النصر کی ٹیم پیر ہی کو آزادی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی جہاں اس نے منگل کو میچ کھیلنا ہے۔
پانچ مرتبہ کے یوایفا چیمپیئنز لیگ کے فاتح کرسٹیانو رونالڈو اپنے نئے محاذ کا آغاز منگل 19 ستمبر کو ایشین چیمپیئنز لیگ میں 2020 کی رنراپ ٹیم پرسیپولس کے خلاف میچ سے کرنے جا رہے ہیں۔