سندھ میں خواتین اسسٹنٹ کمشنرز کی تعداد 17 ہوگئی

خان گڑھ کی اسسٹنٹ کمشنر ردا زہرہ تالپور کہتی ہیں بہت سی خواتین، خاص طور پر سکول کی طالبات ان سے ملنے آتی ہیں اورپوچھتی ہیں کہ وہ کس طرح اسسٹنٹ کمشنر بن سکتی ہیں۔

شاہدہ پروین جامڑو نے بطور اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص تحصیل دو سال سے زائد عرصے تک کام کیا  (میرپورخاص فیس بک پیج) 

سندھ میں چھ خواتین کو مختلف تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر مقرر کرنے کے بعد صوبے بھر میں خواتین اسسٹنٹ کمشنرز کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کمشنریٹ نظام برطانوی دور حکومت سے رائج ہے۔ سابق فوجی آمر پرویز مشرف نے 2001 میں تبدیل کر کے ناظمی نظام متعارف کرایا تھا جسے سندھ حکومت نے 2011 میں ختم کر کے دوبارہ کمشنریٹ نظام متعارف کرایا۔ 

کمشنریٹ نظام میں تحصیل پر اسسٹنٹ کمشنر، ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر اور ڈویژن لیول پر کمشنر مقرر ہوتا ہے۔

اسسنٹنٹ کمشنر تحصیل میں حکومت کے نمائندے کے طور پر کام کرتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کو روینیو مجسٹریٹ کی طاقت حاصل ہوتی ہے اور تحصیل کی سطح پر یہ پوسٹ ایک خاصی چیلینجنگ پوسٹ ہوتی ہے۔ 

ان ذمہ داریوں میں ریونیو ایڈمنسٹریشن کو اسسٹنٹ کلیکٹر کی حیثیت سے کام کرنا ہوتا ہے۔ تحصیل میں روزمرہ کے استعمال کی اشیا اور اشیا خورد نوش کے معیار اور قیمتوں کا کنٹرول کرنا، پولیو اور دیگر ویکسین کی ٹیموں کو سنبھالنا، تجاوزات ہٹانا، ٹریفک کا پلان، امن امان کی صورت حال پر کنٹرول کرانا، بس اڈوں اور دیگر مقامات کو بھی سنبھالنا ہوتا ہے۔ 

’شروع میں لوگ حیران ہوتے تھے بعد میں مثبت ردعمل دیا‘

شمالی سندھ میں غیرت کے نام پر قتل، اغوا برائے تاوان، قبائلی جھگڑوں اور کچے کے ڈاکوؤں کے باعث حساس سمجھے جانے والے ضلع گھوٹکی کی تحصیل خان گڑھ میں بطور اسسٹنٹ کمشنر ردا زہرہ تالپور کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ ان کی والدہ بھی مٹیاری ضلع کی ایڈمنسٹریشن میں بیوروکریٹ ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ردا زہرہ تالپور نے کہا: ’میں پہلی بار تحصیل ڈہرکی ضلع گھوٹکی میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور نامزد ہوئی تو ابتدا میں لوگوں کو انتہائی حیرت ہوتی تھی کہ خاتون اس عہدے پر کیسے کام کریں گی؟ مگر بعد میں لوگوں نے انتہائی مثبت ردعمل دیا۔

’جب میرا تبادلہ ڈہرکی سے خان گڑھ ہوا تو ڈہرکی کے لوگوں کو دکھ ہوا کہ میرا تبادلہ کیوں ہوا؟‘

انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین خاص طور سکول کی طالبات اور خواتین اساتذہ ان سے ملنے آتی ہیں۔ طالبات پوچھتی ہیں کہ وہ کس طرح اسسٹنٹ کمشنر بن سکتی ہیں۔ 

’مجھے بطور اسسٹنٹ کمشنر کام کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے۔‘

خاتون اسسٹنٹ کمشنر جنہوں نے میرپورخاص میں تاریخ رقم کی

شاہدہ پروین جامڑو نے بطور اسسٹنٹ کمشنر میرپورخاص تحصیل دو سال سے زائد عرصے تک کام کیا اور انہیں حال ہی میں شہدادپور ضلع سانگھڑ ٹرانسفر کردیا گیا ہے۔ 

میرپورخاص کے سینیئر صحافی ہاشم شر نے شاہدہ پروین جامڑو کے بطور اسسٹنٹ کمشنر کام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، ’میرپور خاص کی تاریخ میں ایسا اسسٹنٹ کمشنر آج تک نہیں آیا جس نے عوامی مفادات میں اتنا کام کیا۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ہاشم شر نے کہا: ’شاہدہ پروین جامڑو نے مارکیٹ یونین کے دباؤ اور شدید احتجاج کے باوجود بڑے پیمانے پر تجازوات ہٹائے۔ ذخیرہ اندازی کرنے والے کے خلاف موثر اقدامات کیے۔ دودھ، دہی، فروٹ اور دیگر اشیا خوردنوش کے غیرمعیاری اور زیادہ قیمت لینے والوں کے چالان کیے اور دکانیں سیل کیں۔‘

ہاشم شر نے کہا: ’انہوں نے روینیو مجسٹریٹ کی پاور کا بھرپور استعمال کیا۔ ان پر بہت زیادہ پریشر تھا مگر انہوں نے کوئی دباؤ نہیں لیا اوربھرپور کام کیا۔‘

نئی تعیناتیاں

نئی نوٹی فکیشن کے تحت ان خواتین بیوروکریٹس کی حالیہ تعیناتی اب اس طرح ہوئی ہے:

شائستہ جبیں کو اسسٹنٹ کمشنر کیماڑی ٹاؤن اور زارا زاہد کو اسسٹنٹ کمشنر صدر ٹاؤن کراچی مقرر کردیا گیا ہے۔ 

سائرہ خان سندھ میں محکمہ صحت کے لیے کام کرنے والے ادارے پاکستان پرائمری ہیلتھ انیشیٹو (پی پی ایچ آئی) میں بطور ڈسٹرکٹ مینیجر کام کر رہیں تھیں، انہیں ٹرانسفر کرکے اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری مقرر کردیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جبکہ ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی رابیعہ سعید کو اسسٹنٹ کمشنر بدین مقرر کردیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یا اے ڈی سی ٹو کورنگی ندا سمن کو ٹرانسفر کرکے آرام باغ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں اسسٹنٹ کمشنر مقرر کردیا گیا۔ 

زینب جہان داد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یا اے ڈی سی ٹو کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل تھیں انہیں ٹرانسفر کرکے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل کالونی، ضلع کورنگی مقرر کردیا گیا۔

اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر کام کرنے والی خواتین کو ٹرانسفر کیا گیا ہے۔ 

اسسٹنٹ کمشنر سجاول فاطمہ صائمہ کو کراچی ضلع ایسٹ کے منگھو پیر، زنیرہ جلیل کو کیماڑی سے سائٹ ٹاؤن، نیہا شاہ کو گلبرگ سے فیروز آباد ڈسٹرکٹ ایسٹ ٹرانسفر کردیا گیا ہے۔ 

اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل ٹاؤں عاصمہ بتول کو ٹرانسفر کرکے اسسٹنٹ کمشنر گارڈن ڈسٹرکٹ ساؤتھ، اسسٹنٹ کمشنر لیاری منتہا اظہر کو ایئرپورٹ ڈسٹرکٹ ملیر ٹرانسفر کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سارا امجد کو لیاقت آباد سے شاہ فیصل ٹاؤن ٹرانسفر کردیا گیا۔ 

کمشنر آفیس میں مقرر اسسٹنٹ کمشنر ثوبیہ فلک کو ٹرانفسر کر کے اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی مقرر کردیا گیا ۔

کراچی کمشنر آفیس میں مقرر اسسٹنٹ کمشنر کائنات طفیل کو رتودیرو تحصیل ضلع لاڑکانہ بدلی کردیا گیا۔ 

اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد، کراچی عمیمہ سولنگی کو شجاع آباد ضلع میرپورخاص ٹرانسفر کردیا گیا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین