ایپکس کمیٹی بلوچستان کے اجلاس سے متعلق نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اجلاس میں ایران کے ذریعے تیل سمگلنگ کرنے والوں کو 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔
بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے جان اچکزئی نے کہا کہ ایپکس کمیٹی نے ایرانی تیل کی سمگلنگ کا جائزہ لیا اور تیل سمگلنگ کرنے والوں کو دس دن کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےمنگل کو کوئٹہ میں بلوچستان ایپکس کمیٹی کے 14ویں اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی، نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، نگران صوبائی کابینہ کے ارکان عسکری اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جان اچکزئی کے مطابق ایرانی تیل کی 80 فیصد سمگلنگ سمندری راستوں سے ہو رہی ہے اور دس دن کے بعد تیل سمگلنگ کرنے والی کشتیوں کو تباہ کر دیا جائے گا۔
بلوچستان میں مدارس کے انتظام کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کو بتایا گیا کہ صوبے میں ڈھائی سو مدارس میں سے 84 افغان شہریوں کے زیرانتظام ہیں جن میں آٹھ ہزار پانچ سو طلبا زیر تعلیم ہیں۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ افغان شہریوں کے زیر انتظام مدارس کو پاکستانی شہریوں کے حوالے کیا جائے گا۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر کے خلاف مستقل مزاجی سے کارروائی کریں گے۔
پریس بریفنگ میں جان اچکزئی نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایپکس اجلاس میں کہا کہ نگران حکومت آئندہ حکومت کو لائحہ عمل (بلیو پرنٹ) دے گی جس پر عملدرآمد جاری رہے گا اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان، قانون نافذ کرنے کے لیے اقدامات اور بلوچستان میں سمگلنگ اور منشیات کے سد باب کے لیے جاری آپریشنز کی پیشرفت پر بریفنگ شامل تھیں۔
اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور دیگر شعبوں، فارن کرنسی ریگولرائزیشن کے حوالے سے لیے گئے اقدامات اور بلوچستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کےلیے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔