انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ میں منگل کو ایک اور اپ سیٹ ہوا جب نیدرلینڈز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کی سب سے فیورٹ سمجھی جانے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست دی۔
دھرم شالا میں کھیلے جانے والے اس میچ کو بارش کے باعث صرف 43، 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
بارش سے متاثرہ میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اووروں میں کپتان سکاٹ ایڈورڈز کی شاندار ناقابل شکست 78 رنز کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ کو 246 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43ویں اوور میں صرف 207 رنز ہی بنا سکی۔
اس سے پہلے نیدرلینڈز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی جنوبی افریقہ کو ایک اہم میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر چکا ہے۔
One of the greatest ICC Men's Cricket World Cup upsets of all time in Dharamsala as Netherlands overcome South Africa #SAvNED : https://t.co/gLgies5ZBv pic.twitter.com/KcbZ10qdAG
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) October 17, 2023
جنوبی افریقہ کو اس ورلڈ کپ میں ان کے پہلے میچ سے ہی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس میچ میں پہلے اس بولنگ اور بعد میں بیٹنگ بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔
نیدرلینڈز کی بولنگ کو دیکھا جائے تو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو مشکل میں ڈالنے کے بعد اس میچ میں انہوں نے جنوبی افریقہ کو بھی پہلے ہی اوور سے دباؤ میں ڈالے رکھا۔
اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں چار سو سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں سے کوئی بھی بلے باز نیدرلینڈز کے خلاف نصف سنچری بھی سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
میچ میں 78 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز پر کپتان سکاٹ ایڈورڈز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل اتوار کو اس ورلڈ کپ کا پہلا بڑا اپ سیٹ اس وقت ہوا تھا جب افغانستان نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
افغانستان اور اب نیدرلینڈز کی فتح کے بعد یہ ورلڈ کپ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اپنے ابتدائی تینوں میچز جیت کر چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ تین میں سے دو میچز جیت کر بہتر رن ریٹ کے باعث تیسرے اور پاکستان بھی دو میچز جیت کر چوتھے نمبر پر ہے۔
اسی طرح دفاعی چیمپیئن انگلینڈ، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کے دو، دو پوائنٹس ہیں جبکہ سری لنکا وہ واحد ٹیم ہے جسے اپنے ابتدائی تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔