آسٹریلیا کی سیریز سب کے لیے ایک چیلنج ہے: شان مسعود

کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں بہت باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں ہر کھلاڑی سے اچھے کھیل کی امید ہے۔

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود لاہور میں 29 نومبر 2023 کو میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں (پی سی بی)

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا میں اچھی پرفارمنس دیں گے کیونکہ یہ سیریز سب کے لیے ایک چیلنج ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کپتانی ایک عارضی چیز ہوتی ہے، کوشش ہونی چاہیے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے اچھی کرکٹ کھیلیں۔ ’دورہ آسٹریلیا کے لیے تیار ہوں پوری ٹیم کی سپورٹ سے میری پوری کوشش ہوگی کہ ٹیم آسٹریلوی سرزمین پر عمدہ کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کرے۔‘

اپنی فارم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حالیہ وقت میں ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور وہ اسی کو جاری رکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں کہ آیا ایک مشکل ترین سیریز ان کو بحیثیت کپتان دے کر انہیں بعد میں قربانی کا بکرا تو نہیں بنایا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز کو وہ ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ’آپ کو موقع ملتا ہے کہ آپ تبدیلی لے کر آئیں۔ کوشش ہوگی کہ پاکستان کے لیے اچھا نتیجہ لے کر آئیں۔ جہاں تک کپتانی کی بات ہے تو یہ عارضی چیز ہے۔ جب تک آپ کے پاس جگہ ہے مقام ہے آپ کو اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ حارث رؤف دورہ آسٹریلیا میں ساتھ ہوتے۔ لیکن اب جو دستیاب فاسٹ باؤلر ہیں ان کے بہترین استعمال کی کوشش کریں گے۔ ’بابر اعظم ہمارے بہترین بلے باز ہیں ان کی بیٹنگ پوزیشن کو نہیں چھیڑیں گے، پوری ٹیم ذمہ داری لے گی تو اچھے نتائج آئیں گے۔‘

سابق کرکٹر عاقب جاوید کے بیان پر کہ پاکستان وائیٹ واش ہوگا ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی رائے ہے ان کو مثبت طریقے سے سنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ یہ ایک نئی ٹیم بنی ہے، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پاکستان کے لیے کافی پرفارمنسز دی ہوئی ہیں۔ شاہین، بابر اعظم، محمد رضوان اور سرفراز احمد نے دباؤ کے باوجود اچھی پرفارمنسز دی ہوئی ہیں۔ ’اس ٹیم میں کوئی ایک لیڈر نہیں، ہماری کوشش ہوگی ٹیم میں ہر پلیئر ایک لیڈر کے طور پر کھیلے۔‘

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ میں باؤنس ہوتا ہے ہر جگہ وکٹ کی کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں، ہم پاکستان کو آسٹریلیا نہیں بنا سکتے، تنقید تو ہوتی ہے اور ضرور ہو گی۔

کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں بہت باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں ہر کھلاڑی سے اچھے کھیل کی امید ہے۔ ’پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلوں گا اور ان سے بھی بھرپورتعاون کی امید رکھتا ہوں۔‘

شان مسعود نے مزید کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے بہت محنت سے پریکٹس کی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے چند روز قبل کہا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران نئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے پاس خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے شان مسعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس آسٹریلیا میں پرفارم کرنے کا شاندار موقع ہے وہ اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔

شان مسعود نے حتمی ٹیم کے بارے میں کہا کہ وہ آسٹریلیا جا کر وہاں کے حالات کا جائزہ لے کر پلئینگ الیون کا فیصلہ کریں گے۔ ’ حتمی فیصلہ وہیں کی کنڈیشنز کو دیکھ کر کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن کا جائزہ لے کر اپنی حکمت عملی بنائیں گے۔ ’اس ٹیم میں ایک یقین یہ چاہتا ہوں کہ وہاں جاکر ہم اپنے بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔ ان کو مشکل وقت دیں گے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ