ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے دی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی انڈین ٹیم کو ہرا کر اپنا چھٹا عالمی ٹائٹل جیت لیا۔

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی ورلڈ کپ فائنل جیتنے والی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کو ٹرافی تھما رہے ہیں (اے ایف پی)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی انڈین ٹیم کو ہرا کر اپنا چھٹا عالمی ٹائٹل جیت لیا ہے۔

انڈین ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم، نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی سینچری اور مارنس لبوشین کی نصف سینچری کی بدولت انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔

ٹریوس ہیڈ نے 137 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جبکہ لبوشین 58 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں شاندار 192 رنز بنا کر انڈیا کو میچ سے باہر کر دیا۔

انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں 240 رنز بنائے تھے جو آسٹریلوی ٹیم نے محض چار وکٹوں کے نقصان پر 43 اووروں میں پورے کر لیے۔

انڈیا کی ٹیم بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی آسٹریلوی ٹیم کے مقابلے میں دباؤ کا شکار دی اور ہوم کراؤڈ اور ہوم کنڈیشنز کے ایڈوانٹیج کے باوجود انڈین ٹیم شکست کھا گئی۔

اس ورلڈ کپ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے انڈین بولرز فائنل میں بے بس دکھائی دیے۔ بمراہ نے دو، محمد شامی اور محمد سراج نے ایک، ایک وکٹ ہی لی جبکہ جدیجہ اور کلدیپ جیسے سپنرز ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔

انڈین ٹیم نے فائنل کا آغاز اس انداز میں نہیں کیا جس کی شائقین ان سے امید کر رہے تھے اس کے برعکس آسٹریلین ٹیم ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم کے خلاف بھرپور ہوم ورک کے ساتھ میدان میں اتری۔

انڈیا کی جانب سے اوپننگ بلے باز روہت شرما 47 اور ویراٹ کوہلی نصف سینچری سکور کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

تاہم انڈین بلے باز شھبمن گل اور شریس ایئر قابل ذکر رنز نہ بنا سکے۔

وراٹ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہل نے رویندر جدیجہ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی۔

 تاہم جدیجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور یوں انڈین ٹیم وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں کے باعث 240 رنز بنا سکی۔

آسٹریلیا کے بولرز میں میچل سٹارک کامیاب ترین بولر رہے۔ انہوں نے 10 اوورز میں 55 رنز کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔

جوش ہیزل ووڈ اور کپتان پیٹ کمنز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گلین میکسویل نے انڈین کپتان روہت شرما کی اہم وکٹ حاصل کی۔

سٹیڈیم میں انڈین مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ورلڈ کپ 2023 کے اس فائنل میچ میں پہنچنے والی انڈین ٹیم اب تک ناقابلِ شکست رہی تھی۔

انڈین ٹیم نے پہلے مرحلے میں تمام نو ٹیموں کو اور پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا جب کہ آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد اگلے آٹھ میچ جیتے ہیں۔

انعامی رقم

موجودہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

ٹاس جیتنے کے بعد کمنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ’وکٹ کچھ خشک لگ رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ فیصلے کی ایک وجہ اوس ہے کیوں کہ یہاں رات میں کافی اوس پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

انڈین کپتان روہت شرما نے کہا کہ ’اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو بھی پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرتے اور اب بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

میچ کے دوران کی جانے والی کمنٹری کے مطابق اس میچ کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد تماشائی سٹیڈیم میں موجود تھے۔

آئی سی سی نے بھی آسٹریلیا کی چھٹی فتح پر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹیم آسٹریلیا کو مبارک باد دی ہے۔

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے انڈین ٹیم کی شکست پر ٹیم کے نام ایک پیغام میں کہا کہ ’ڈیئر ٹیم انڈیا، آپ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث بنے ہیں۔ آپ نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ ہم آج اور ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔‘

پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت دنیا بھر کی سیاسی اور معروف شخصیات نے آسٹریلیا کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ