عام انتخابات کا شیڈول چند روز میں جاری کر دیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر

قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ اور شفاف و پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پر عزم ہے۔

21 ستمبر 2023 کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے صدر دفتر  کا بیرونی منظر (اے ایف پی)

پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کے لیے شیڈول کا اعلان چند روز میں کر دیا جائے گا اور پولنگ آٹھ فروری 2024 کو ہی ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر نے سات دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ’عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، یہ عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔‘

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’الیکشن کمیشن چند دنوں میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرنگ افسران اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کر نے جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا اور پولنگ آٹھ فروری 2024 کو ہوگی۔‘

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور شفاف و پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پر عزم ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مطابق: ’الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ آپ مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔‘

انہوں نے ووٹروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں اور پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔’عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے۔ اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔‘

الیکشن کمیشن نے آٹھ فروری کو عام انتخابات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

رواں ہفتے پاکستان کی وزارت خزانہ نے آٹھ فروری 2024 کو آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو مزید 17 ارب 40 کروڑ روپے جاری کیے تھے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے کہا گیا تھا کہ جولائی 2023 میں بھی الیکشن کمیشن کو 10 ارب روپے جاری کیے گئے تھے اور اضافی فنڈز کے اجرا کے بعد کل 27 ارب 40 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔

مالی وسائل کے حصول کے علاوہ کمیشن کو پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت سے سکیورٹی بھی درکار ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے پیر کو سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی کو ایک مراسلے میں کہا تھا کہ ملک میں امن و امان کی نازک صورت حال  کے پیش نظر پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات کی جائے۔

مراسلے کے مطابق الیکشن کے دوران پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی بطور سٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اس وقت تین لاکھ 28 ہزار 510 اہلکار دستیاب ہیں جبکہ کل دو لاکھ 77 ہزار 558 اہلکاروں کی کمی ہے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اہلکاروں کی کمی کو پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے ذریعے پورا کیا جائے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان