عام انتخابات کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے بیان میں بتایا گیا کہ ’8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے پولنگ سٹیشنز اور پولنگ کے عملے کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔‘

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ 7 نومبر 2023 کو اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کر رہے ہیں (ریڈیو پاکستان)

پاکستان میں انتخابات کے منتظم ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ آٹھ فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات منعقد کرانے کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے بیان میں بتایا گیا کہ ’8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے پولنگ سٹیشنز اور پولنگ کے عملے کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔‘

بیان میں بتایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی منگل کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات ہوئی جس میں انتخابات کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن مواد کی چھپائی کا کام بھی آخری مراحل میں ہے جبکہ انتخابی فہرستیں ’اپ ڈیٹ‘ کرنے کا کام بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سکندر سلطان راجہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی، الیکشن کمیشن بروقت انتخابات کے انعقاد، انتخابی شیڈول جاری کرنے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے انجام دے گا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے درکار فنڈز اور مطلوبہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

عام انتخابات کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو نومبر 2023 کو جاری بیان میں اعلان کیا تھا کہ صدر پاکستان عارف علوی سے ملاقات کے بعد ’متفقہ طور فیصلہ کیا گیا ہے کہ عام انتخابات آٹھ فروری‘ کو منعقد ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایوان صدر نے بھی جمعرات کو جاری بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل اور صدر مملکت کی ملاقات میں  تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات آٹھ فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔‘

اس سے قبل سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمعرات کو حکم دیا تھا کہ وہ 11 فروری 2024 کو عام انتخابات کی مجوزہ تاریخ پر آج ہی صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کرے کہ تاریخ طے کرے۔

جمعرات کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 90 روز میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ بینچ کے دیگر ججوں میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان شامل تھے۔

چیف جسٹس نے جمعرات کو ہونے والی سماعت کے بعد مختصر حکم نامے میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سے کہا کہ وہ صدر علوی اور کمیشن کے درمیان ملاقات میں طے کرنے میں معاونت کرے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت توقع کرتی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا تعین کر لیا جائے گا اور جمعے کو عدالت کو اس بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا۔  

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل ہو جائیں گی اور عام انتخابات 11 فروری 2024 کو ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان