راج ناتھ سنگھ کا اپنی فوج کو پیغام: ’غلطیاں نہ کریں‘

فوج کی حراست میں تین کشمیریوں کی موت کے معاملے پر بدھ کو انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوجیوں سے کہا ہے کہ ’وہ ایسی کوئی غلطی نہ کریں جس سے کسی انڈین کو تکلیف پہنچے‘۔

انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 27 اکتوبر 2022 کو سری نگر کے بڈگام ایئر فیلڈ پر ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی/: توصیف مصطفی)

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کی حراست میں تین کشمیریوں کی موت کے معاملے پر بدھ کو انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فوجیوں سے کہا ہے کہ ’وہ ایسی کوئی غلطی نہ کریں جس سے کسی انڈین کو تکلیف پہنچے‘۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق راج ناتھ سنگھ سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہیں۔

 جمعرات کو پونچھ میں فوج کی دو گاڑیوں پر حملے کے تناظر جمعے کو پوچھ گچھ کے لیے ’کم از کم آٹھ شہریوں‘ کو حراست میں لیا گیا تھا۔

بعد میں ان آٹھ شہریوں میں سے تین کی انڈین فوج کی حراست میں ’تشدد‘ سے موت ہو گئی تھی۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں تین کشمیریوں کے ’وحشیانہ قتل‘ کا ذمہ دار انڈین فوج کو ٹھہراتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے 24 دسمبر 2023 کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پاکستان انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے بفلیاز میں تین کشمیری شہریوں کے زیرحراست بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘

این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین فوج کے ایک بریگیڈ کمانڈر سے کہا گیا ہے کہ وہ ان اموات کے حوالے سے فوج کی تحقیقات میں شامل ہوں۔

اس حوالے سے انڈیا کے وزیر دفاع نے اپنے دورے کے دوران فوجیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’آپ ملک کے محافظ ہیں۔ لیکن ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کے دل جیتنے کی ذمہ داری بھی آپ پر عائد ہوتی ہے۔ ایسی کوئی غلطی نہیں ہونی چاہیے جس سے کسی انڈین کو تکلیف پہنچے۔‘

راج ناتھ سنگھ  کا کہنا تھا کہ افواج کو عوام کے ساتھ قریبی تعلق قائم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں لڑائی جیتنی ہے، دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہے لیکن اس سے بڑا مقصد لوگوں کے دل جیتنا ہے۔ ہم جنگیں جیتیں گے لیکن ہمیں دل بھی جیتنے کی ضرورت ہے، اور میں جانتا ہوں کہ آپ ایسا کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے فوجیوں کو یقین دلایا کہ ’ہر فوجی ہر انڈیا کے لیے خاندان کے رکن کی طرح ہے۔

’ہر انڈین ایسا ہی محسوس کرتا ہے۔ اگر کوئی آپ پر بری نظر ڈالے تو یہ ہمارے لیے ناقابل برداشت ہے۔ سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اس طرح کے حملوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ نگرانی بڑھانے کے لیے جو بھی مدد درکار ہوگی وہ حکومت کی طرف سے فراہم کی جائے گی۔ ہمارے خزانے کے دروازے مکمل طور پر کھلے ہیں۔‘

وزیر دفاع نے مزید کہا لپ ’اس طرح کے حملوں کو معمولی نہ سمجھا جائے۔ میں جانتا ہوں کہ آپ سب چوکس ہیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا