پہلا ون ڈے: ویسٹ انڈیز کے خلاف آسٹریلیا کی آسان جیت

آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور کیمرون گرین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 149 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے راسٹن چیس دو فروری، 2024 کو ملبرن میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کے سپنر ایڈم زمپا کے ہاتھوں بولڈ ہونے کے بعد (اے ایف پی)

آسٹریلیا نے جمعے کو میلبرن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور کیمرون گرین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 149 رنز بنائے۔

سمتھ نے 79 گیندوں پر 79 رنز (ناٹ آؤٹ) بنائے جبکہ تیسرے نمبر پر بیٹر کیمرون نے 104 گیندوں پر 77 رنز سکور کیے، وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔

اس طرح آسٹریلیا نے 232 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر لیا جب کہ 11.3 اوور باقی تھے۔ اوپنر جاش انگلس نے 43 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

یہ آسٹریلیا کی لگاتار 10 ویں ون ڈے میں جیت تھی، جس میں گذشتہ سال ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف فتح شامل ہے۔

پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد سیریز میں آسٹریلیا کے کلین سوئپ کو روکنے کے لیے ویسٹ انڈیز پر دباؤ پڑے گا۔

آسٹریلیا کے لیے آج کا میچ بہت آسان ثابت ہوا۔ صرف ٹریوس ہیڈ اچھی بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے، وہ پانچ گیندوں پر محض چار رنز بنا پائے۔

ڈیبیو کرنے والے آسٹریلوی تیز بولر زیویئر بارٹلیٹ کو مین آف دا میچ  قرار دیا گیا، جنھوں نے نو اوورز میں 17 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی وکٹ تیسری گیند پر لی۔

بارٹلیٹ کا کہنا تھا کہ ’شاندار آغاز۔ فتح میں زبردست کردار۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں مانگا جا سکتا۔‘

’ میں نے گذشتہ 10 سال سٹیو سمتھ کو ٹی وی پر دیکھا۔ اب میدان میں موجود ہونا اور ان کی کپتانی میں کھیلنا خواب محسوس ہوتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گرین نے 62 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ سمتھ نے 58 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ انگلس نے میتھیو فورڈ کے چوتھے اوور میں تین چوکے لگائے اور اوشین تھامس کی گیند پر چھکا لگا کر صرف 28 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔

انگلس نے بولر گڈاکیش موتی کے خلاف ریورس سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی  لیکن بات نہ بن سکی اور سلپ پوزیشن پر فیلڈر نے انہیں کیچ آؤٹ کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کے دوران  کیسی کارٹی بین الاقوامی ون ڈے میں اپنی پہلی سنچری بنانے کی راہ پر گامزن تھے۔ تاہم وہ اپنے بیٹنگ پارٹنر ہیڈن والش کے ساتھ مکس اپ کی وجہ سے سنچری بنانے میں ناکام رہے۔

 والش نے غلطی کی جس کے نتیجے میں کارٹی رن آؤٹ ہو گئے اور انہوں نے 100 رنز کا سنگ میل عبور کرنے کی بجائے 108 گیندوں پر 88 رنز بنائے۔

بارٹلیٹ نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کو آؤٹ کرکے اہم وکٹ حاصل کی۔ ہوپ کو 12 رنز بنانے کے بعد پہلی سلپ پر میتھیو شارٹ نے کیچ کیا۔

اس وکٹ کے ساتھ ہی بارٹلیٹ نے پانچ اوورز میں آٹھ رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کر لی تھیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے اتوار کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ