پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نائن میں پشاور زلمی نے جمعے کو ناقابل شکست ملتان سلطانز کو سنسنی خیز میچ میں پانچ رنز سے ہرا دیا۔
سیریز میں دو میچ ہار کر پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہنے والی زلمی نے آج ملتان میں کھیلے گئے نویں میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم اور حسیب اللہ خان کی اچھی بیٹنگ کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔
اوپنر صائم ایوب (سات رنز) جب چوتھے اوور میں شاہ نواز دھانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو بابر (31 رنز) اور حسیب (37 رنز) نے مجموعی سکور میں 46 رنز جوڑے۔
تاہم اسامہ میر نے نویں اور گیارویں اوور میں دونوں کو بولڈ کر رنز بنانے کے تسلسل کو دھیما کر دیا۔
زلمی کی جانب سے پال والٹر نے آٹھ گیندوں پر 16 رنز جبکہ رومن پاول نے 11 گیندوں پر جارحانہ 23 رنز بنا کر زلمی کو سکور 20 اوورز میں 179 رنز تک پہنچانے میں مدد فراہم کی۔
اب تک لیگ میں تین میچ کھیل کر ناقابل شکست رہنے والی ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ولی، محمد علی اور میر نے دو، دو جبکہ دھانی اور عباس آفریدی کو ایک، ایک وکٹ ملی۔
جواب میں سلطانز کی اوپننگ اچھی نہیں رہی اور پچھلے میچوں میں اچھا پرفارم کرنے والے وکٹ کیپر کپتان محمد رضوان صفر پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ان کے جانے کے بعد یاسر خان نے پہلے ریضا ہینڈرکس اور پھر ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر 16 ویں اوور میں سکور کو 129 رنز تک پہنچا دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یاسر 43 جبکہ ہینڈرکس 28 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ملان نے 25 گیندوں پر جارحانہ 52 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
ایک موقعے پر میچ پر اچھی گرفت رکھنے والی ٹیم ملتان کی تین وکٹیں (خوشدل شاہ، ڈیوڈ ملی اور اسامہ میر) آگے پیچھے گرنے سے میچ دلچسپ مرحلے میں چلا گیا۔
156 رنز پر ملتان کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں۔ آخری اوور میں ملتان کو 22 رنز درکار تھے۔ افتخار نے پہلی چار گیندوں پر میچ کو تقریباً اپنے حق میں کر لیا، لیکن وہ پانچویں گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
سلطانز کو آخری گیند پر چھ رنز درکار تھے لیکن نوین الحق نے دھانی کو بولڈ کر کے ٹیم کے لیے میچ جیت لیا۔
پشاور کی جانب سے عارف ایوب نے تین جبکہ لوک ووڈ، نوین اور سلمان ارشاد نے دو، دو اور پال والٹر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایئٹز کے خلاف دو میچوں میں نصف سینچریاں بنانے والے بابر اس مرتبہ 31 رنز بنا سکے تو ایکس پر ایک صارف نے ان کے دفاع میں کہا ’وہ بھی انسان ہے، روز روز پرفارمنس نہیں ہوتی۔‘
Bro he's human hr roz performance nh hoti.. Babar is also leading run scorerIt's time for Youngesters #HBLPSL9 #BabarAzam #PeshawarZalmi #PSL9 #PZvMS pic.twitter.com/K9tEe5k2Xk— GulaboO(@GulaboO_Says) February 23, 2024