آندھر پردیش حادثہ ڈرائیوروں کے فون پر کرکٹ میچ دیکھنے سے ہوا: انڈین وزیر ریلوے

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ سال اکتوبر میں ایک مسافر ٹرین سگنل کو نظرانداز کرتے ہوئے دوسری ریل گاڑی سے جا ٹکرائی تھی، جس کے نتیجے میں 14 لوگ جان سے گئے تھے۔

انڈیا میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس  کے ارکان 30 اکتوبر 2023 کو بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وجیا نگرم میں ٹرین حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن کر رہے ہیں۔ جنوب مشرقی بھارت میں دو ٹرینوں کے تصادم کے بعد کم از کم 13 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو گئے (اے ایف پی)

انڈیا کے وزیر ریلوے اشونی ویشنا نے پیر کو کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ریل گاڑی کے ڈرائیوروں کی توجہ کہیں اور تھی کیوں کہ جب حادثہ پیش آیا ڈرائیور موبائل فون پر کرکٹ میچ دیکھ رہے تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مذکورہ ٹرین سگنل نظرانداز کرتے ہوئے دوسری ریل گاڑی سے جا ٹکرائی تھی، جس کے نتیجے میں 14 لوگ جان سے گئے۔

گذشتہ سال اکتوبر میں انڈین ریاست آندھرا پردیش میں ٹرینوں کے درمیان جان لیوا تصادم اس وقت ہوا تھا جب میزبان انڈیا ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف کھیل رہا تھا۔

انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے کہا: ’آندھرا پردیش میں حالیہ حادثہ اس لیے پیش آیا کیوں کہ ٹرین کا ڈرائیور اور ان کا معاون دونوں کرکٹ میچ دیکھنے میں مصروف تھے۔‘

’اب ہم ایسا سسٹم نصب کر رہے ہیں جو اس طرح کی کسی بھی صورت حال کا پتہ لگا سکے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ٹرین ڈرائیو اور اسسٹنٹ ڈرائیور کی پوری توجہ ٹرین چلانے پر مرکوز رہے۔‘

انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان براہ راست نشر کیا جانے والا کرکٹ میچ کروڑوں لوگوں نے دیکھا تھا۔ یہ میچ انڈیا نے جیتا تھا۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اور واقعے میں انڈین حکام نے سٹیشن ماسٹر اور تین دیگر ملازمین کو اس وقت برطرف کر دیا تھا جب گذشتہ ماہ ایک مال بردار ٹرین نے بغیر ڈرائیور کے 70 کلومیٹر (40 میل) کا سفر طے کیا۔ مال بردار ریل گاڑی کی 50 کے لگ بھگ بوگیاں دو گھنٹے سفر کرتی رہیں۔ اس دوران انجن میں ڈرائیور موجود نہیں تھا۔ تینوں ریلوے اہلکاروں کو فرائض میں غفلت پر ملازمت سے نکالا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈیا میں دنیا کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورکس میں سے ایک نیٹ ورک  ہے۔ گذشتہ برسوں میں انڈیا میں کئی ریل حادثات پیش آئے۔ بدترین حادثہ 1981 میں پیش آیا جب ریاست بہار میں پل عبور کرتے ہوئے ٹرین پٹری سے اتر گئی اور ایک اندازے کے مطابق آٹھ سو لوگوں کی جان گئی۔

جون 2023 میں ریاست اڑیسہ میں تین ٹرینوں کے درمیان تصادم میں تقریباً تین سو لوگوں کی جان گئی۔

حالیہ برسوں میں انڈیا میں ریلوے سٹیشنوں کو جدید بنانے اور الیکٹرانک سگنلنگ سسٹم کے ساتھ نیٹ ورک کو بہتر کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا