وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو انڈیا میں میٹرو سروس کے آغاز کے تقریباً چار دہائیوں بعد ملک کی پہلی زیر آب میٹرو ریل سروس کا افتتاح کیا۔
زیر آب میٹرو ٹنل جڑواں شہروں کولکتہ اور ہاوڑہ کو جوڑے گی جو ریاست مغربی بنگال میں دریائے ہوگلی کے دونوں کناروں پر آباد ہیں۔ کولکتہ،1984 میں آپریشنل میٹرو سروس متعارف کرانے والا انڈیا کا پہلا شہر تھا۔
توقع ہے کہ ٹرین دونوں شہروں سے سفر کرنے والوں کے سفر کو آسان بناتے ہوئے صرف 45 سیکنڈ میں 520 میٹر کا زیر آب راستہ طے کرے گی۔
میٹرو سروسز اب انڈیا بھر کے 15 شہروں میں دستیاب ہیں جہاں دہلی میٹرو ریل کارپوریشن سب سے طویل میڑو ہے جو درالحکومت کے پورے علاقے میں 393 کلومیٹر کے وسیع رقبے پر محیط ہے۔
دہلی میں دریائے جمنا پر میٹرو کے لیے پل بنائے گئے ہیں اس کے برعکس کولکتہ میں جگہ کی کمی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں تھا۔
ایسٹرن ریلویز کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کوشک مترا نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا: ’پل پر مشتمل حصے کی تعمیر کے مقابلے میں پانی کے نیچے سب وے ریلوے کے لیے ایک محفوظ اور کم لاگت والا آپشن تھا۔‘
ان کے بقول: ’زیر آب میٹرو ریل سروس جلد ہی عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔‘
ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق ’مغربی بنگال میں ایسٹ ویسٹ میٹرو کا 4.8 کلومیٹر طویل حصہ 49.65 ارب روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے۔ اس روٹ پر سب سے گہرا میٹرو سٹیشن ہاوڑہ میں ہوگا جو سطح زمین سے 30 میٹر نیچے ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کوشک مترا نے کہا کہ ریلوے نے سرنگ کے دونوں اطراف واک وے بنائے ہیں جو ہر 25 میٹر کے بعد وینٹیلیشن شافٹ سے جڑے ہوئے ہیں۔ ایمرجنسی کے دوران ان شافٹ کے ذریعے مسافروں کو باہر نکالا جا سکتا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے بدھ کو ہی زیر آب ٹنل میں میٹرو کا پہلا سفر کیا جس میں سکول کے کئی طلبہ بھی سوار تھے۔ نریندر مودی آنے والے عام انتخابات کی مہم کے لیے مغربی بنگال پہنچے تھے۔
ریل کوچ کے اندر بنائی گئی ایک ویڈیو میں مودی کو اپنے ساتھ بیٹھے سکول کے بچوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
نریندر مودی نے اسے ملک کے لیے ایک ’فخر کا لمحہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مواصلاتی نظام میں بہتری اور ٹریفک کی بھیڑ میں کمی آئے گی۔‘
ریل حکام نے پانی کے نیچے رہنے کا احساس دلانے کے لیے نیلی روشنیوں کے ساتھ سرنگوں کی اندرونی دیواروں پر خصوصی لائٹس نصب کی ہیں۔
اس منصوبے کی تعمیر 2017 میں شروع ہوئی تھی۔
© The Independent