ملتان میں تین منزلہ عمارت گرنے سے نو اموات

ریسکیو ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم کے مطابق: ’منگل کو سحری کے وقت خاتون خانہ نے کچن میں چولہا جلانے کی کوشش کی، جس سے دھماکہ ہوا اور تین منزلہ عمارت گر گئی۔‘

ملتان کے چوک حرم گیٹ کے قریب محلہ جوگیاں میں پیش آنے والے اس واقعے میں جان سے جانے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل ہیں (تصویر :محمد ظہیر)

جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں منگل کو سحری کے وقت کچن میں دھماکے کے نتیجے میں ایک مکان کی چھت گرنے سے نو افراد چل بسے جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

چوک حرم گیٹ کے قریب محلہ جوگیاں میں پیش آنے والے اس واقعے میں جان سے جانے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل ہیں۔

ریسکیو ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم کے مطابق: ’منگل کو سحری کے وقت خاتون خانہ نے کچن میں چولہا جلانے کی کوشش کی، جس سے دھماکہ ہوا اور تین منزلہ عمارت گر گئی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈاکٹر کلیم نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’دھماکے سے گرنے والے پختہ مکان کا لینٹر ساتھ والے کچے مکان پر گرا جہاں موجود پانچ بہن بھائی اور ان کے والدین جان سے چلے گئے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’جو عمارت گری اس میں موجود دو افراد جان سے گئے جبکہ دو زخمی ہیں، جنہیں قریبی  ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘

ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم کے مطابق: ’یہ نصیب الرحمٰن نامی شخص کا تین مرلہ مکان تھا، جو نیچے سے بوسیدہ تھا اور انہوں نے کچھ عرصہ قبل اوپر کمرے بھی بنائے تھے، لہذا دھماکے سے عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں وہ خود دم توڑ گئے جبکہ کچن میں موجود نصیب الرحمٰن کی اہلیہ 20 فیصد تک آگ میں جھلس گئیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’لاشوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے واقعے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا تھا، تاہم تنگ گلی ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘

حرم گیٹ ملتان کا قدیمی علاقہ ہے جسے اندرون شہر کہا جاتا ہے۔ یہ علاقہ قلعہ کہنہ قاسم باغ سے متصل ہے، جو پانچ گیٹوں کے درمیان واقع ہے۔ یہاں 100 سال سے زائد عرصہ قبل تعمیر شدہ مکانات بھی موجود ہیں۔

عمارتیں گرنے کے واقعات کے پیش نظر انتظامیہ نے سینکڑوں مکانات کو مخدوش بھی قرار دیا تھا اور مکینوں کو متبادل جگہ دینے کا بھی اعلان ہوا تھا لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) رضوان قدیر نے ملتان واقعے کے محرکات کی مکمل انکوائری کے ساتھ ساتھ اطراف کی عمارتوں کی فزیکل انسپکشن کے لیے تکنیکی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان