فلم بنانے کے لیے والد کی جائیدادیں تک بیچ دیں: رندیپ ہوڈا

بالی وڈ اداکار نے انکشاف کیا کہ انہوں نے فلم ’سوتنتریہ ویر ساورکر‘ بنانے کے لیے ناصرف بے تحاشہ پیسہ لگایا بلکہ فلم کے لیے وزن 60 کلو تک گرا لیا۔

 

رندیپ ہوڈا چار مارچ، 2024 کو ممبئی میں اپنی فلم ’سوتنتریہ ویر ساورکر‘ کی نمائشی تقریب میں شریک ہیں (اے ایف پی) 

بالی وڈ اداکار رندیپ ہوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ’سوتنتریہ ویر ساورکر‘ بنانے کے لیے اپنے والد کی دی ہوئی جائیدادیں تک بیچ دیں اور کس طرح انہیں فلم کی تیاری کے دوران جسمانی اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یوٹیوب چینل بیئر بائسپس کی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رندیپ نے بتایا کہ ان کے والد نے ممبئی میں ان کے لیے دو تین جائیدادیں چھوڑیں لیکن انہوں نے وہ بیچ کر پیسہ فلم میں لگا دیا۔

رندیپ نے سوتنتریہ ویر ساورکر کی ہدایت کاری بھی کی ہے۔ انہوں نے اس فلم میں اپنا بہت سا پیسہ لگایا لیکن ایک موقعے پر اس پر کام روک دیا گیا۔

اس دوران رندیپ نے اپنا وزن کئی کلوگرام کم کیا اور مشکل پروڈکشن کے دوران انہیں یہ وزن برقرار رکھنے کے لیے محنت کرنی پڑی۔

رندیپ کے بقول وہ چاہتے ہیں کہ دنیا یہ فلم دیکھے اور یہ مت سوچے کہ الیکشن والے سال اس فلم کا تعلق ’دائیں بازو‘ کی سیاست کے ساتھ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس فلم کو پہلے گذشتہ سال 15 اگست اور پھر 26 جنوری کو ریلیز کرنا چاہتا تھا۔ میں نے اس فلم پر اپنا سب کچھ لگا دیا۔

’میں خود کو روک نہیں سکا۔ کوئی بھی اس فلم کا حامی نہیں تھا۔ فلم ریلیز نہ ہو سکی۔ ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ جو ٹیم ابتدائی طور پر اس پروجیکٹ سے منسلک تھی، ان لوگوں کا معیاری فلم بنانے کا ارادہ نہیں تھا۔ وہ محض ایک فلم بنانا چاہتے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

متنازع قوم پرست شخصیت کا کردار ادا کرنے کے لیے اپنی جسمانی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رندیپ نے کہا کہ انہوں نے اپنا وزن 60 کلو گرام کر لیا لیکن اصل مشکل پروڈکشن کے دوران اس وزن کو برقرار رکھنا اور مناسب کھانا کھائے بغیر فلم کی ہدایت کاری کرنا تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس صرف پانی، بلیک کافی اور سبز چائے ہوتی تھی، پھر میں نے اپنی غذا میں کیک، کچھ ڈارک چاکلیٹ اور میوے شامل کیے۔ میری نیند ختم ہونے لگی، میں سیٹ پر ایک دو بار گر گیا۔‘

انہوں نے گھوڑے کی سواری کے دوران گھٹنے پر چوٹ لگنے کا واقعہ بھی یاد کیا۔ ’ایک بار گھڑ سواری کرتے ہوئے میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا اور میں گھوڑے سے نیچے جا گرا۔‘

رندیپ نے کہا کہ فلم بنانے اور ساورکر جیسے شخص کا کردار ادا کرنے کے دوران وہ اتنے دباؤ کا شکار ہو گئے کہ نیند کی گولیاں بھی بے اثر ہو گئیں۔

سوتنتریہ ویر ساورکر اب تک وہ باکس آفس پر 13 کروڑ انڈین روپے کا بزنس کر چکی ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم