بالی وڈ کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے شہرآفاق فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ اپنی کہانی، نغموں اور فلم سازی کی وجہ سے دہائیوں بعد آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہے لیکن اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار سلمان خان نے اسے حقیقی رنگ دینے کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کیا۔
سنجے لیلا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلموں ’خاموشی‘ اور ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں کام کرنے والے سینیئر سنیماٹوگرافر انیل مہتا نے ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا ہے۔
فلمی میگزین ’فلم کمپینین‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں انیل مہتا نے انکشاف کیا کہ کس طرح سلمان خان کی بے ساختگی نے فلم کے گانے ’تڑپ تڑپ کے اس دل سے‘ کے ایک سین کو حقیقی رنگ دیا۔
سلمان خان کی بے ساختگی کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے کیمرہ ٹرائی پوڈ سے اتارا اور پھر میں اس لمحے سلمان کے ساتھ تھا۔
’وہ جو کر رہے تھے میں اس میں شامل ہو گیا اور بعد میں کیمرے کا رخ سورج کی طرف کیا جو اس وقت جوبن پر تھا۔ آج یہ معمول ہے. لیکن، یہ ان کی پرفارمنس کی طاقت تھی اور پھر یقیناً سنجے لیلا کا بھی اس شاہکار میں ہاتھ تھا۔
’ہم دل دے چکے صنم‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی ۔ فلم کا موضوع سلمان خان، ایشوریا رائی اور اجے دیوگن کے کرداروں کے درمیان محبت کا ٹرائی اینگل تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فلم کے مرکزی کردار میں سلمان خان نے سمیر کا، ایشوریا رائے نے نندنی اور اجے دیوگن نے ونراج کا کردار ادا کیا۔ دیگر اہم کاسٹ میں وکرم گوکھالے اور زہرا سہگل شامل ہیں۔
سنجے لیلا بھنسالی نے امرک گِل اور پرتاب کرونت کے ساتھ سکرین پلے تحریر کیا جب کہ اسماعیل دربار نے فلم کی موسیقی ترتیب دی جو ناظرین کو بہت پسند آئی۔
فلم میں دکھایا جاتا ہے کہ کیسے سلمان خان اور ایشوریا رائے کی محبت ایک دوسرے کے لیے بہت پریشانیوں اور چیلنجز کا سبب بن جاتی ہے اور اجے دیوگن بھی اس ٹرائی اینگل میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فلم میں محبت، جذبات، اور انسانیت کے موضع کو بہترین طریقے سے پیش کیا گیا ہے جو ناظرین کو دل کو چھو جانے والی کہانی فراہم کرتی ہے۔
’ہم دل دے چکے صنم‘ میں انیل کے غیر معمولی کام کی وجہ سے انہیں بہترین سنیماٹوگرافی کا نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
بعد میں انہوں نے ’لگان‘، ’ویر زارا‘، ’کل ہو نا ہو‘، ’راک سٹار‘ اور ’ہائی وے‘ جیسی مشہور فلموں میں بھی کام کیا۔
حال ہی میں وہ بھومی پیڈنیکر کے نئے پروجیکٹ ’تھینک یو فار کمنگ‘ کا حصہ ہیں۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔