سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی دھمکی، رہائش گاہ کی سکیورٹی سخت

سلمان خان کو یہ دھمکی جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے معاون گولڈی برار کی جانب سے ای میل کے ذریعے بھیجی گئی۔

26  دسمبر 2022 کی اس تصویر میں انڈین اداکار سلمان خان کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنے محافظوں کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)

انڈین میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکار سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی موصول ہوئی ہے۔

سلمان خان کو یہ دھمکی جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے معاون گولڈی برار کی جانب سے ای میل کے ذریعے بھیجی گئی۔

پنجاب کی جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا مبینہ ماسٹر مائنڈ  مانا جاتا ہے۔

ای میل میں کہا گیا کہ ’کینیڈا میں مقیم گینگسٹر اور لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی گولڈی برار اداکار سے بات کرنا چاہتا تھا۔‘

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اداکار کے پرسنل اسسٹنٹ(پی اے) جورڈی پٹیل کو بھیجی گئے ای میل میں کہا گیا ہے کہ ’گولڈی برار سلمان خان سے ’آمنے سامنے‘ بات کرنا چاہتے ہیں۔‘

 ای میل میں پی اے  سے کہا کہ وہ ایک وقت مقرر کریں جب وہ بات کر سکیں۔

ای میل میں پی اے کو یہ بھی کہا گیا کہ وہ اداکار کو لارنس بشنوئی کے حالیہ انٹرویو کی ویڈیو دکھائیں، اس ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ سلمان خان کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔

ہندی زبان میں لکھی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ ’سلمان خان نے حال ہی میں لارنس بشنوئی کا ایک نیوز چینل کو دیا گیا انٹرویو دیکھا ہوگا اور اگر نہیں تو انہیں اسے دیکھنا چاہیے۔‘

انڈین میڈیا کے مطابق سلمان کی رہائش گاہ اور فیملی میں ماحول کافی سنجیدہ ہے کیونکہ ہر کوئی ان کی حفاظت کے بارے میں بہت فکرمند ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس نے سلمان خان کی ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر سکیورٹی بھی بڑھا دی ہے اور ان کی ٹیم سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ کچھ دنوں تک کسی بھی تقریب سے گریز کریں۔

سلمان خان کے دوست اور ساتھی پرشانت گنجلکر نے بھی باندرہ پولیس سٹیشن میں گینگسٹر بشنوئی، ان کے معاون گوڈی برار اور ای میل بھیجنے والے روہت گرگ کے خلاف باندرہ پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔

ایف آئی آر تعزیرات ہند کی دفعہ 120-بی (مجرمانہ سازش کے لیے سزا)، 506-II (مجرمانہ دھمکی کے لیے سزا) اور 34 (مشترکہ ارادہ) کے تحت درج کی گئی تھی۔

ممبئی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ ای میل کی جانچ کر رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکار کو گینگسٹر کی طرف سے دھمکی دی گئی ہو۔ سال 2018 میں جب کالے ہرن کے شکار کے معاملے کی سماعت چل رہی تھی تو لارنس بشنوئی نے کہا تھا کہ سلمان خان نے کالے ہرن کا شکار کرکے بشنوئی برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔

گذشتہ سال نومبر میں مہاراشٹر حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ممبئی پولیس سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کی روشنی میں وائی پلس گریڈ کی سکیورٹی فراہم کرے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم