’کسی کا بھائی کسی کی جان،‘ سلمان خان کے لیے کتنا بڑا امتحان؟

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کی زبردست کامیابی نے عید پر دکھائی جانے والی سلمان خان کی فلم کی مشکل میں دگنا اضافہ کر دیا ہے۔

سلمان خان لاکھ یہ گردان کریں کہ ان کا مقابلہ شاہ رخ خان سے نہیں مگر حقیقت کچھ اور ہے (سلمان خان فلمز)

بالی وڈ میں اگر کوئی اداکار سب کا بھائی اور کئی کا جان ہے تو بلاشبہ وہ سلمان خان ہی ہیں۔ اس عید پر ان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی نمائش کا اعلان ہوتے ہی سلمان خان کے چاہنے والے ایک ایک دن گن گن کر گزار رہے تھے۔

مداحوں کو انتظار تھا کہ کب وہ اپنے پسندیدہ ہیرو کی اس تخلیق کا نظارہ کریں گے۔ یہ وہی پرستار ہیں جو سلمان خان کی ایک ایک ادا پر فدا ہونے کو تیار رہتے ہیں اور جو ان کی سال گرہ یا پھر عید تہوار پر سلمان خان کے گھر کے باہر ہزاروں کی تعداد میں خودبخود قدم اٹھا لیتے ہیں۔

سلمان خان کے لیے یہ فلم اس اعتبار سے بھی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ دو سال پہلے آئی ان کی فلموں ’رادھے‘ اور ’انتم‘ نے باکس آفس پر کوئی دھماکہ نہیں کیا تھا، اسی لیے ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ سلمان خان کے لیے اب تمام تر امیدوں کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ خاص کر ایسے میں بھی جب ان کے قریبی حریف شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے بھارت ہی نہیں دنیا بھر میں کھڑکی توڑ کاروبار کیا ہے۔

سلمان خان لاکھ یہ گردان کریں کہ ان کا مقابلہ شاہ رخ خان سے نہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ ان کی عقابی نگاہیں نہ صرف سلمان خان کی فلموں کی کامیابی بلکہ ان کی ہیروئنوں پر بھی لگی رہتی ہیں۔

فلم کی کہانی کیا ہے؟

فلم 2014 کی تیلگو زبان کی ایک فلم سے متاثر ہے جس کی کہانی ایک دل شکستہ عاشق یعنی ’بھائی‘ کے گرد گھومتی ہے۔

اب ظاہری سی بات ہے کہ بھائی کے کردار میں سلمان خان ہیں جن کے تین اور چھوٹے بھائی ہیں۔ محبت میں ناکامی کے بعد بھائی فیصلہ کر لیتے ہیں کہ وہ اب کبھی شادی نہیں کریں گے۔ ادھر تینوں بھائی بےچارے عشق کے پھندے میں جکڑ لیے جاتے ہیں تو اب فکر ہوتی ہے کہ جب تک بڑے بھائی کی شادی نہیں ہو گی ان کا کام بھی نہ ہو پائے گا۔

اسی لیے وہ بھائی کے لیے کسی محبوبہ کی تلاش میں ہوتے ہیں اور یہیں سے انٹری ہوتی ہے خوبصورت اور حسین پوجا ہیگڑے کی جو سلما ن خان کا دل چرانے کی کوشش میں لگ جاتی ہیں۔

ویسے فلم کی کہانی کچھ کچھ ماضی کی فلم ’چلتی کا نام گاڑی‘ سے بھی ملتی جلتی ہے۔ ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی کہانی میں ایک اور ڈرامائی کشمکش یہ آتی ہے کہ پوجا کے بھائی عدم تشدد پر یقین رکھتے ہیں اور بھائی جان تو بنا تشدد کے دو قدم بھی نہیں چل پاتے، جبھی ایک نئے امتحان کا آغاز ہوتا ہے اور پھر مار دھاڑ، ایکشن، روٹھنا منانا اور پھر سب ہنسی خوشی رہنے کا پرانا فارمولا۔

کمزور کہانی اور ہدایت کار کا طعنہ

بالی وڈ پنڈتوں کا خیال ہے کہ سلمان خان کی دیگر فلموں کے مقابلے میں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی ہدایتکاری میں جھول ہیں۔ ہدایت کار فرہاد سامجی کامیڈی سیریز ’ہاؤس فل‘ کے ہدایت کار رہے ہیں، جبکہ ان کی خدمات بہت جلد ’ہیرا پھیری3‘ کے لیے بھی لی جائیں گی۔

سلمان خان کی اس فلم میں انہوں نے ایکشن مناظر میں تو واقعی جان ڈالی ہے لیکن مزاحیہ مناظر کمزور ہیں۔ اس میں ان کے سکرپٹ رائٹرز کا بھی قصور ہے جنہوں روایتی کامیڈی لکھ کر کام چلایا ہے۔

سلمان خان جن کی فلموں کے دو تین دم دار اور تگڑے ڈائیلاگ ہوتے ہیں جو عوام میں سارا سال مقبول رہتے ہیں لیکن اس فلم کی نمائش سے پہلے اور بعد میں ایسا کوئی ڈائیلاگ نہیں ملا۔

اسی طرح فلم کے بیشتر مناظر میں سلمان خان رنجیدہ ہو کر آنسو بہانے پرمجبور ہوتے ہیں لیکن یہ مناظر جذبات اور احساسات سے عاری ہیں بلکہ ایسے بھی نہیں کہ سلمان خان کے آنسو دیکھ کر آپ پگھل جائیں۔ انہیں آپ اسٹریو ٹائپ ایکٹنگ کے ذمرے میں شمارکرسکتے ہیں۔

فلم میں آٹھ گانے ہیں اور ایسا گیت تو ہے نہیں کہ جو بےاختیار ہر وقت آپ کے لبوں کی زینت بنتا رہے۔

سٹار کاسٹ کا جمعہ بازار

سلمان خان کی اس فلم میں آپ کو بالی وڈ اداکاروں کی کہکشاں نظر آئے گی۔ سلمان خان چونکہ خود پروڈیوسر بھی ہیں جبھی انہوں نے جنوبی بھارت اور بالی وڈ اداکاروں کا جمعہ بازار لگا دیا ہے۔

 سلمان خان کی پہلی باقاعدہ ہیروئن بھاگیہ شری ان کی ادھوری محبت کے روپ میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔ وہیں ’تیرے نام‘ کی بھومیکا چاؤلہ بھی فلم کا حصہ ہیں۔ جبکہ اسی فلم کے ہدایت کارآنجہانی ستیش کوشک کو بھی مہمان کردار میں دیکھ سکیں گے۔

بات مہمان اداکاروں کی جائے تو ایک لمبی فہرست ہے جو ’کسی کا بھائی کسی کا جان‘ میں اپنی جھلک دکھاتے ہوئے نظرآئے گی۔ جنوبی بھارت کے سپر سٹار وینکٹش نے پوجا ہیگڑے کے بھائی کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اس میں وہ کامیاب بھی ہوئے ہیں۔

پوجا ہیگڑے کا جادو چل پائے گا؟

سلمان خان کی ہیروئن کے طور پر پوجا ہیگڑے کی اداکاری فلم میں غیر معمولی رہی ہے۔ جنوبی بھارت کی ٹاپ کلاس ہیروئن ہیں اور سلمان خان نے اسی بنا پر ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں کاسٹ کیا تاکہ جنوبی بھارت کے فلم بینوں کی دلچسپی کو بھی کیش کرا لیں۔

پوجا کے پاس رقص کرنے کے علاوہ جذباتی اور رومانی اداکاری دکھانے کا ہنر ہے۔ دو تین ہندی فلموں میں کام کیا لیکن ان کی تما م تر توجہ جنوبی بھارت کی فلموں پر ہوتی ہے۔ فلم کی نمائش سے قبل ہی سلمان خان کا نام ان کے ساتھ جوڑا گیا۔

سلمان اور پوجا نے اب تک ان افواہوں کی تردید نہ تصدیق کی۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ فلم کی تشہیر کے لیے بھی جان بوجھ کر یہ افواہیں اڑائی گئیں کہ سلمان خان کا دل پوجا ہیگڑے پر آ گیا ہے۔

شہناز گل کی انٹری

بگ باس سیزن 13 کے فاتح سدھارنتھ شکلا کی گرل فرینڈ شہناز گل کے لیے یہ فلم خاصی اہمیت رکھتی ہے۔ شہنا ز گل جن پر یہ الزام بھی لگتا ہے کہ انہوں نے سدھارنتھ شکلا سے پرستاروں کی جذباتی وابستگی اور محبت کو کیش کراتے ہوئے خود کو شوبزنس کی دنیا میں زندہ رکھا ہے۔

شہناز اس فلم میں سلمان خان کی ہیروئن تو نہیں بنیں لیکن ان کے فلمی بھائیوں میں سے ایک کی ہیں۔ شہناز گل کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس فلم میں کام سلمان خان کی وجہ سے کیا جنہوں نے اصرار کیا کہ وہ خود کو ڈپریشن اور نفسیاتی بیماریوں کے چنگل سے نکالنا چاہتی ہیں تو ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کا حصہ بنیں۔

بہرحال شہناز گل اگر یہ تصور کیے بیٹھی ہیں کہ اس فلم کے ذریعے ان کو اور فلموں میں کام ملے گا تو ان کی اداکاری میں ایسی کوئی خاص کشش نظر نہیں آئی کہ فلم ساز مجبور ہو کر انہیں اور فلموں میں شامل کریں۔ فلم کے ٹریلر تک میں شہناز گل کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرسٹ ڈے فرسٹ شو کی اوسط درجے کی کمائی

سلمان خان جو اس فلم کو ’پٹھان‘ کے ساتھ ریلیز کرنے کا پروگرام بنائے بیٹھے تھے انہوں نے ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کو بھارت میں عید سے ایک دن پہلے سینیما گھروں کی زینت بنایا۔

بھارت میں یہ فلم ساڑھے چار ہزار سینیما گھروں میں جبکہ بین الاقوامی سطح پر 12 سو سینیما گھروں کی زینت بنی ہے۔ فلم کا ابتدائی کاروبار مایوس کن رہا ہے۔

سلمان خان کی 2011 کے بعد سے یہ پہلی فلم ہے جس نے پہلے دن 20 کروڑ روپے کی کمائی بھی نہیں کی۔ کیونکہ اس پہلے 2011 میں ’باڈی گارڈ‘ نے 21 کروڑ سے زائد، 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ نے 32 کروڑ، 2014 میں ’کک‘ نے 26 کروڑ، 2015 میں ’بجرنگی بھائی جان‘ نے 27 کروڑ، 2016 میں ’سلطان‘ نے 36 کروڑ، 2017 میں ’ٹیوب لائٹ‘ نے 21 کروڑ، 2018 میں ’ریس 3‘ نے 29 کروڑ اور 2019 میں ’بھارت‘ جیسی اوسط درجے کی فلم نے پہلے دن کے شوز سے 42 کروڑ روپے سے زائد آمدنی حاصل کی تھی۔

ان کے مقابلے پر جبکہ ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ صرف 15 کروڑ 81 لاکھ کا بھارت میں کاروبار کر پائی۔

 فلم پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اس کم کاروبار کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فلم عید سے ایک دن پہلے رمضان میں نمائش کے لیے لگائی گئی تو مسلم برادری کی توجہ حاصل نہ کر سکی۔

فلم نمائش کے ابتدائی تین دنوں میں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ صرف بھارت میں 68 کروڑ 17 لاکھ روپے کا کاروبار کر چکی ہے جو اس تناظر میں بڑی آمدنی ہے جبکہ فلم نے پہلے ہی دن مایوس کن آغاز کیا ہو۔

تبصرہ نگاروں کو امید ہے کہ سلمان خان کی فلم 100 کروڑ کلب میں تو بہت جلد شامل ہو جائے گی لیکن یہ ضرور ہے کہ فلم ’پٹھان‘ کی کمائی کے آس پاس نہیں جا پائے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ