وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کہا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی ’بہت جلد‘ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ بات بدھ کو وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس کے موقعے پر کہی، البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ ایرانی صدر کب آئیں گے۔
رواں ہفتے پاکستانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی صدر 22 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے، لیکن دفتر خارجہ نے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
صدر رئیسی کے دورہ پاکستان کی خبریں ایسے وقت پر سامنے آئیں جب اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایران نے یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی سفارت خانے کی عمارت پر ایک فضائی حملے میں پاسدران انقلاب کے سات اہلکاروں بشمول ایک سینیئر کمانڈر کی موت کے بعد 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب اسرائیل کی جانب ڈرون اور میزائل داغے تھے۔
اگرچہ اسرائیل کے مطابق 99 فیصد سے زائد میزائل اور ڈرون مارے گرائے گئے لیکن اس کے باوجود خطے میں صورت حال کشیدہ ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا تھا۔ ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ کچھ عرصے سے تعلقات میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔
16 جنوری کو پاکستانی دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ایران نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو بچے جان سے گئے اور تین زخمی ہوئے۔
اس پر پاکستان نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔ 18 جنوری کو پاکستان نے ایران کے اندر واقع ’دہشت گردوں کے ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنانے کا اعلان بھی کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان حالات اس وقت بہتر ہوئے جب 29 جنوری کو ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے پاکستان کا دورہ کیا۔
ان کی پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی۔
ایرانی سفیر کی پاکستانی وزیر دفاع سے ملاقات
ادھر بدھ کو اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مغادم نے پاکستان کے وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔
وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق خواجہ آصف نے مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ’پاکستان نے بارڈر مینیجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہیں۔‘
’دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ مفادات، سلامتی کو بڑھانے، انسداد دہشت گردی اور علاقائی اقتصادی رابطوں کے شعبوں میں اسے مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔‘