میں اپنے شوہر کے ساتھ رہوں یا نہیں، یہ میرا فیصلہ ہے: حرا منان

ڈیٹنگ ایپ ’ٹنڈر‘ پر موجودگی اور اپنے شوہر پر بے وفائی کا الزام لگانے والی بلاگر حرا منان کے مطابق ’ہر کوئی دنگ رہ گیا کہ میں انہیں دوسرا یا شاید تیسرا موقع دے رہی ہوں۔ لیکن اس کی کیا وجہ ہے یہ صرف میں اور میرا خدا ہی جانتا ہے۔‘

حرا منان اور ان کے شوہر (ویڈیو سکرین گریب)

 ڈیٹنگ ایپ ’ٹنڈر‘ پر موجودگی اور اپنے شوہر پر بے وفائی کا الزام لگانے والی سوشل میڈیا بلاگر حرا منان نے خود پر ہونے والی تنقید کے بعد کہا ہے کہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ ان کا اپنا ہے اور ان کا فی الحال کسی قانونی کارروائی کا ارادہ نہیں ہے۔

حرا منان ’دی میولی ویڈز‘ کے نام سے اپنا بلاگ چلاتی ہیں۔ گذشتہ روز حرا منان نے اپنے شوہر پر یہ الزام لگایا تھا کہ ان کے شوہر شادی کے چند ہفتوں بعد سے ہی ڈیٹنگ ایپ ٹنڈر استعمال کر رہے ہیں اور متعدد خواتین کے ساتھ اب بھی ان کے مراسم ہیں۔ ٹوئٹر پر ایک طویل پوسٹ میں حرا نے اپنے شوہر کی ’عکاشہ‘ نامی خاتون کے ساتھ واٹس ایپ پر نازیبا گفتگو کی ویڈیوز بھی پوسٹ کیں اور اسقاطِ حمل کے بعد شدید ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے حوالے سے بھی بتایا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو نے اس بارے میں جب فیس بک میسنجر پر حرا منان سے بات کرنا چاہی تو ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی ان کی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ اس معاملے پر کوئی وضاحت دیں۔‘ لیکن جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ دو مرتبہ اپنے شوہر کو چِیٹنگ کرتے ہوئے پکڑنے کے بعد کیا وہ ان کے خلاف کوئی قانونی کاروائی کریں گی؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’فی الحال ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔‘

حرا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ غیر فعال کردیا ہے اور اب تک ان کے شوہر کی جانب سے ان الزامات کی تردید نہیں کی گئی ہے، تاہم جب انڈپینڈنٹ اردو نے حرا منان کے شوہر سے فیس بک میسنجر کے ذریعے رابطہ کیا تو انہوں نے جواب دینے سے انکار کردیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹس میں بتایا تھا کہ ان کی شادی اپریل 2018 میں ہوئی اور کچھ دن پہلے ہی انہیں ایک قابلِ اعتماد ذریعے سے پتہ چلا کہ ان کے شوہر کو ٹنڈر پر شادی کے چند ہفتوں بعد دیکھا گیا تھا۔ ’مجھے نہیں معلوم کہ میرے شوہر ٹنڈر کے ذریعے کتنی خواتین سے مل چکے ہیں اور کتنی خواتین کے ساتھ سو چکے ہیں۔‘

حرا نے کہا کہ ’ہماری جوڑی ہمارے محلے اور دوستوں میں کافی مشہور تھی اور مجھے یہ سوچ کر افسوس ہوتا ہے کہ ہم دونوں جب لوگوں کے سامنے محبت کا اظہار کرتے تھے اور وہ لوگ یہ بات جانتے تھے کہ میرا شوہر مجھے دھوکہ دے رہا ہے تو پھر بھی کسی نے مجھے نہیں بتایا؟‘

ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے ان سے یہ بات پورے ایک سال تک چھپائی۔ اس لیے حرا نے خود ٹنڈر پر اپنا اکاؤنٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔ اسی ٹویٹ میں اپنی ٹنڈر پروفائل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے حرا کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس ٹںڈر پروفائل کے لیے اپنی ایک مقبول فوٹو کا انتخاب کیا اور اپنی بائیو میں واضح طور پر بتایا کہ میں شادی شدہ ہوں۔ میں اس ایپ پر صرف 7 دن تک رہنے والی تھی۔‘

حرا منان نے اپنی ٹوئٹر پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ یہ پہلی بار نہیں تھا جب انہوں نے اپنے شوہر کو چِیٹنگ کرتے ہوئے پکڑا تھا۔ اس واقعے سے قبل دسمبر 2018 میں بھی انہیں اپنے شوہر کے ’عکاشہ‘ نامی خاتون سے مراسم کا علم ہوا تھا۔ انہیں اس بات کی تصدیق اپنے شوہر اور عکاشہ کے درمیان ہونے والی نازیبا گفتگو سے ہوئی، جس کی ویڈیو بھی حرا نے اپنی اس ٹوئٹر پوسٹ میں شیئر کی تھی۔

تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوپائی کہ یہ گفتگو اصل میں حرا کے شوہر اور عکاشہ کی ہے یا نہیں لیکن یہ بات واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے کہ دونوں افراد شادی شدہ ہونے کے باوجود بھی انتہائی بےتکلفی سے گفتگو کر رہے ہیں۔

حرا فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنی اور اپنے شوہر کی محبت بھری تصاویر شیئر کرتی رہی ہیں جبکہ اُن کی پوسٹس سے اس بات کا بھی اظہار ہوتا تھا کہ ان کے شوہر کتنے بہترین انسان ہیں۔ حرا کا کہنا تھا: ’میں اپنے شوہر کے ساتھ ہی رہتی ہوں یا نہیں، یہ میرا فیصلہ ہے۔کسی کو بھی حق نہیں ہے کہ وہ آکر مجھے بتائے کہ میں کیا کروں لیکن میں اب ایک خوبصورت بلاگ کی آڑ میں اپنے سامعین کو بے وقوف نہیں بناؤں گی۔‘

دسمبر 2018 میں اپنے شوہر کی بے وفائی کے بارے میں جاننے کے بعد حرا اسقاط حمل کے مرحلے سے بھی گزریں، جس میں ان کی تمام جمع پونجی ختم ہو گئی اور ان کی نوکری بھی، لیکن حرا اور ان کے شوہر نے اس رشتے کو ختم نہیں کیا بلکہ اسے برقرار رکھنے کے لیے انہوں نے شادی شدہ جوڑوں کی تھراپی کا آغاز کیا۔

حرا کا کہنا تھا کہ اپریل 2019 میں انہیں دوسری نوکری کی پیشکش ہوئی، جس کی تنخواہ اور پوزیشن حرا کی پہلی نوکری کے مقابلے میں کافی کم تھی لیکن ان کے شوہر کی نوکری نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے اس کام کا انتخاب کیا۔

اپنی ٹوئیٹس کے تسلسل میں حرا نے بتایا: ’میں نے اپنی اسقاط حمل کی سرجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اپریل 2019 میں کام کرنا شروع کیا۔ وہ (میرے شوہر) اُس وقت بے روزگار تھے لہذا میں نے اپنا ڈیبٹ کارڈ ان کے حوالے کردیا تاکہ انہیں فیملی ٹرپ کے لیے اپنے والد سے رقم لینے کی ضرورت نہ پڑے۔‘

انہوں نے مزید لکھا: ’ہم رابطے میں رہتے تھے۔ وہ مجھے یہ بتاتے رہتے تھا کہ انہوں نے مجھے کتنا یاد کیا اور میرے بغیر بے چین تھے۔ْ مجھے کیا معلوم تھا کہ ایک دو دن میں یہ انکشاف ہوگا کہ وہ ایک بار پھر سے مجھے دھوکہ دے رہے ہیں اور اس بار جنسی کشش کے علاوہ جذباتی شمولیت کے ساتھ۔ لیکن اس بار میں نے دوٹوک انداز میں اپنے شوہر سے اس کی وضاحت مانگی۔ انہوں نے یہ تسلیم کیا انہیں پرسنیلٹی ڈس آرڈر ہے اور اس وجہ سے انہیں دوسری عورتوں سے مراسم بنانے کی عادت ہے۔ اس لیے انہوں نے میرے ساتھ تھراپسٹ کے پاس جانے پر اتفاق کیا۔‘

حرا کے مطابق لوگ حیران ہوتے ہیں کہ اتنا سب کچھ ہوجانے کے بعد بھی میں نے اپنے شوہر کو نہیں چھوڑا۔ وہ کہتی ہیں کہ ’ہر کوئی دنگ رہ گیا کہ میں انہیں دوسرا یا شاید تیسرا موقع دے رہی ہوں۔ لیکن اس کی کیا وجہ ہے یہ صرف میں اور میرا خدا ہی جانتا ہے۔‘

حرا نے اپنی پوسٹ کا یہ کہہ کر اختتام کیا کہ ’اگر ہم کسی طرح ان مسائل سے گزر بھی جائیں تو میں اپنے شوہر کا جرم، خود کو پہنچنے والے صدمے کی وجہ سے نہیں بخشوں گی۔ لیکن میں لوگوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ کل جو بھی میرے اور میرے شوہر کی طرف دیکھ کر یہ کہے کہ ہم ایک ساتھ کتنے خوش ہیں تو وہ یہ جان لے کہ میرے لیے اس خوشی کا سفر کتنا مشکل تھا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل