پاکستان اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک نے ہفتے کو ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر مسعود کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’میرے بھائی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخاب میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک ہو۔‘
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر مسعود کی قیادت میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ہم خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات موجود ہیں۔
’ہمیں باہمی فائدہ مند تعاون کے ذریعے اپنی عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہیے۔‘
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکرقومی سردار ایاز صادق نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہفتے کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسعود پزشکیان کا ایران کا صدر منتخب ہونا ان پر ایرانی عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ڈاکٹر مسعود کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’میں دونوں ملکوں اور عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں گہرا کرنے اور باہمی مفادات کے حصول میں اپنی دلچسپی کا اعادہ کرتا ہوں۔‘
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے ایران کے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر اصلاح پسند مسعود پزشکیان کو مبارک باد دی۔
شی جن پنگ نے کہا کہ ’میں (ایرانی) صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہوں تاکہ چین اور ایران کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔‘
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو مبارکباد دی ہے۔
مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’دونوں ملکوں کے عوام اور خطے کے مفاد کے لیے گرم جوش اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘