بنگلہ دیش: ٹکٹ بک گئے لیکن عاطف اسلم کا کنسرٹ مشکوک

ڈھاکہ میں شیڈول ’میجیکل نائٹ 2.0‘ نامی کنسرٹ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں لیکن مقام کی منظوری نہ ملنے اور ڈیٹا لیک ہونے کے باعث اس شو کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم رواں سال اپریل میں نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ایک میوزیکل کنسرٹ کے دوران پرفارم کرتے ہوئے (عاطف اسلم/فیس بک اکاؤنٹ)

بنگلہ دیش کے شائقین جو شدت سے 29 نومبر کو ڈھاکہ میں ہونے والے عاطف اسلم کے کنسرٹ کا انتظار کر رہے ہیں، تمام ٹکٹوں کی فروخت کے باوجود بھی غیر یقینی صورت حال کا شکار ہیں۔

بنگلہ دیش کے انگریزی اخبار ’دا ڈیلی سٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معروف گلوکار کے کنسرٹ کے لیے منتظمین کی جانب سے تاحال پنڈال کی منظوری نہیں ملی جب کہ ڈیٹا لیک کے ایک بڑے واقعے میں پانچ ہزار سے زائد ٹکٹ ہولڈرز کی ذاتی معلومات افشا ہو گئی ہیں۔

ڈھاکہ میں شیڈول ’میجیکل نائٹ 2.0‘ نامی کنسرٹ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں لیکن ان دو وجوہات کے باعث اس شو کا انعقاد مشکوک ہو گیا ہے۔

کنسرٹ کے شرکا کے نام، ای میل، فون نمبر اور ٹکٹ کی تفصیلات چوری کر لی گئی ہیں۔ معلومات کی اس چوری کا ایک ڈیویلپر نے پتہ چلایا، جس نے ایونٹ کے ٹکٹنگ پارٹنر ’ٹکٹ ٹومارو‘ کی ویب سائٹ میں سکیورٹی کی کمزوریاں تلاش کیں۔

ایونٹ کی منتظم کمپنی ’ٹرپل ٹائم کمیونیکیشنز‘ نے عاطف اسلم کے کنسرٹ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہے۔ ایک ڈیویلپر نے چوری شدہ ڈیٹا کو گوگل ڈرائیو پر عوام کے لیے قابل رسائی لنک کے ساتھ اَپ لوڈ کر دیا، جس سے کسی بھی شخص کے لیے یہ ڈیٹا دستیاب ہو گیا۔

لیک ہونے والی معلومات میں کنسرٹ میں جانے والوں کی ذاتی تفصیلات، ٹکٹ کی قیمتیں اور سیٹنگ پلان (بشمول فرنٹ زون، جنرل زون اور میجیکل زون) شامل ہیں۔

’دا ڈیلی سٹار‘ کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر متعدد متاثرہ افراد نے معلومات چوری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی پرائیویسی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ اخبار نے آزادانہ طور پر ٹکٹ فروخت کرنے والی ویب سائٹ میں موجود خامیوں کی بھی تصدیق کی۔

ڈیویلپر نے مزید کہا کہ ایونٹ آرگنائزرز نے جھوٹا دعویٰ کیا ہے کہ ایونٹ ’سولڈ آؤٹ‘ ہو چکا ہے یعنی اس کے سارے ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

بقول ڈیویلپر: ’انہوں نے ’سولڈ آؤٹ‘ پوسٹ کیا، لیکن میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ٹکٹ ختم نہیں ہوئے۔ میں نے جان بوجھ کر انہیں ٹکٹوں کی فروخت روکنے پر مجبور کیا، لیکن وہ بعد میں دوبارہ ٹکٹ فروخت کرنا شروع کر دیں گے۔ ابھی وہ صرف وقت حاصل کر رہے ہیں تاکہ نقصان کی تلافی کر سکیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس افراتفری کے دوران مداح یہ سوچ رہے ہیں کہ آیا کنسرٹ مقررہ وقت کے مطابق ہو پائے گا یا نہیں۔ بہت زیادہ تشہیر کے باوجود اب تک ڈھاکہ کے آرمی سٹیڈیم میں کنسرٹ کے لیے اجازت نہیں دی گئی ہے۔

بدھ کو ایک بنگالی زبان کے روزنامے کو ایک سرکاری اہلکار نے تصدیق کی کہ سٹیڈیم کی درخواست کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضروری کارروائیاں جاری ہیں۔

’عادت‘، ’تیرے بن‘ اور ’پہلی دفعہ‘ جیسے ہٹ گانے گانے والے عاطف اسلم بنگلہ دیش میں ایک بڑی فین فالوونگ رکھتے ہیں۔

یہ کنسرٹ ان کی اس سال ڈھاکہ میں دوسری پرفارمنس ہوگی، جو بنگلہ دیشی مداحوں کے درمیان ان کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

فیس بک پوسٹ میں گلوکار نے خود بھی ایک تصویر شیئر کر کے مداحوں کا جوش بڑھایا جس میں انہوں نے لکھا: ’بنگلہ دیش، میں آ رہا ہوں۔‘

اس کنسرٹ میں ابھرتے ہوئے پاکستانی ستارے عبدالحنان کی پرفارمنس بھی ہوگی، جو اپنے گانوں ’ارادے‘ اور ’بکھرا‘ کی وجہ سے مقبول ہوئے۔

ان کا ہٹ گانا ’ارادے‘ 2022 میں ریلیز ہونے کے بعد سے سات کروڑ 87 لاکھ سے زیادہ بار سنا جا چکا ہے۔

منتظمین نے اس شام کے لیے اضافی سرپرائزز کا اشارہ دیا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ کیا یہ منصوبے ڈیٹا لیکیج سکینڈل اور سٹیڈیم کی منظوری کے حوالے سے بڑھتی ہوئی بے یقینی سے متاثر ہوں گے یا نہیں۔

کنسرٹ کا وقتِ آغاز 29 نومبر کو شام پانچ بجے رکھا گیا ہے اور شائقین کے لیے دروازے دوپہر ایک بجے کھلیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی