پاکستان کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے پی) اور وزارت تجارت پانچ (آج) سے سات فروری 2025 تک جدہ سینٹر فار ایگزیبیشنز اینڈ ایونٹس میں میڈ اِن پاکستان نمائش اور بزنس فورم 2025 کی میزبانی کر رہے ہیں۔
ٹی ڈی اے پی کی پریس ریلیز کے مطابق یہ نمائش مختلف صنعتی شعبوں پر مرکوز ہے جن میں خوراک، ٹیکسٹائل، انجینیئرنگ اور خدمات شامل ہیں۔
اس میں کھیلوں کے سامان اور کپڑے، دواسازی، تولیے، تیار شدہ ملبوسات، پراسیس شدہ خوراک، تعمیراتی سامان اور آرکیٹیکچرل ڈیزائن جیسے شعبوں کی مصنوعات اور خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔
یہ نمائش پاکستانی کاروباری اداروں کو سعودی اور بین الاقوامی خریداروں اور سرمایہ کاروں سے جوڑنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے، تاکہ پاکستان کی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں فروغ دیا جا سکے۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ نمائش نہ صرف ایک تجارتی شو بلکہ بزنس ٹو بزنس پلیٹ فارم ہے جہاں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور حکومتی نمائندے ایک دوسرے سے براہ راست بات چیت اور تعاون کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس میں نیٹ ورکنگ اور شراکت داری کے آغاز کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کیا جائے گا۔
یہ تین روزہ ایونٹ ایک جامع تجارتی نمائش، بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں، اور سیمینارز پر مشتمل ہے، جس میں 135 سے زائد پاکستانی نمائش کنندگان ملک کی متنوع صنعتوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق میڈ اِن پاکستان نمائش اور بزنس فورم عالمی منڈیوں کو وسعت دینے اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہش مند تمام افراد کے لیے ملاقات کا مرکزی مقام بن چکا ہے اور اس ایونٹ میں اہم کاروباری معاہدے متوقع ہیں۔
میڈ اِن پاکستان نمائش میں شرکت مفت ہے۔ یہ ایونٹ پانچ اور چھ فروری کو صرف تجارتی ماہرین کے لیے مخصوص ہے جب کہ سات فروری کو عام لوگوں کے لیے کھولا جائے گا۔